
تحریر/مولانا ڈاکٹر محمد جہان یعقوب
چھمب کے محاذ پر پہلی دفعہ بھارت سے فضائی جھڑپ ہوئی اور ہمارے شاہینوں نے چندہی لمحوں میں دشمن کے چار اعلیٰ ویمپائر طیاروں کو مار گرایا۔ اس کے بعد اس محاذ پر اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم اور فلائٹ لیفٹیننٹ یوسف علی خان نے دشمن کی زمینی فوج کو بے بس کر کے رکھ دیا۔
پاک فضائیہ کے ایک اسٹار فائٹر ایف104 نے دشمن کا جہاز پسرور کے ہوائی اڈے پر اتار لیا اور اسکواڈرن لیڈر برج پال سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا۔
پاک فضائیہ کے دو اسٹار فائٹرز نے دشمن کے چار طیاروں کا مقابلہ کیا اور ایک کو گرانے میں کامیاب ہو گئے۔ لاہور پر بھارتی فوج کے حملے کے بعد چھ طیارے فضا میں یک دم نمودار ہوئے اور پورے بیس منٹ تک دشمن پر بموں ،راکٹوں اور گولیوں کی بارش کرتے رہے۔
سجاد حیدرکاکارنامہ:
پٹھان کوٹ کے ہوائی اڈے کی تباہی نے بھارتی فضائیہ کی کمر توڑ کر رکھ دی، اس کارنامے کے سرخیل سجاد حیدر تھے۔ انھوں نے نہایت نیچی پرواز کر کے دشمن کے بارہ جنگی اور دو ٹرانسپورٹ طیارے اڈے پر کھڑے کھڑے ہی تباہ کر دیے، اس کے علاوہ اڈے کو مزید کام دینے کے لیے ناکارہ بھی کر دیا۔
ایم ایم عالم کاکارنامہ:
فضائی معرکے کا ایک قابل تحسین معرکہ ایم ایم عالم کا ہے، انھوں نے سرگودھا کے قریب ایک ہی جھڑپ میں دشمن کے پانچ طیارے گرا کر ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس کے بعد بھارتی فضائیہ کو سرگودھا کی جانب جانے کی جرأت نہیں ہوئی۔بھارتی فضائیہ نے لاہور اور سرگودھا کے ہوائی اڈوں پر حملے کیے لاہور کے ہوائی حملوں میں دشمن کو زبردست شکست فاش ہوئی۔ سرگودھا کی فضا تو بھارتی طیاروں کا قبرستان بنی، ستمبر 1965 کی وہ دوپہرکیسے بھلائی جاسکتی ہے، جب لاہور کی فضائوں میں آٹھ بھارتی گدھوں کے خلاف چار پاکستانی شاہین معرکہ آرا تھے اور زندہ دلان لاہور فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے،اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے دومنٹ میں بھارت کے پانچ طیارے، جبکہ مجمو عی طور پر سات طیارے گرا کرفضائی جنگ کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔اس کی تفصیل یہ ہے کہ ایم ایم عالم نے 6 بج کر 5 منٹ پر رپورٹ کیا کہ دشمن کے 6 ہنٹرزطیارے حملہ کرنے کے لیے سرگودھا کی طرف آ رہے ہیں، ایم ایم عالم نے اپنی گن سے اٹیک کیا جس سے ایک طیارہ تباہ ہو گیا اور ایک کو نقصان پہنچا۔ جب دشمن کے پانچ طیارے اٹیک کر کے یہاں سے جا رہے تھے تو ایم ایم عالم نے سب سے پہلے اس زخمی جہاز کو پکڑا اور اس پر ایک مزائل فائر کیا جو اسے نہ لگ سکا۔ اور پھر دوسرا میزائل مار تو زخمی جہاز کو لگ گیا اور وہ تباہ ہوگیا۔ انھوں نے دیکھا کہ ان کے آگے باقی کے چار جہاز بھاگ رہے تھے تو انھوں نے ان کے پیچھے چھلانگ لگائی اور باقی جہاز وںکے پیچھے پیچھے پہنچ گئے۔ یہاں تک کہ وہ بارڈر سے 30 میل دور رہ گئے، لیکن انھیں پکڑ لیا۔ دشمن کے جہازوں نے دیکھا کہ پیچھے موجود جہاز انہیں شوٹ کرنے والا ہے تو انہوں نے مڑنے کی کوشش کی، تاکہ وہ شوٹ ہونے سے بچ سکیں، جب وہ مڑے تو ایم ایم عالم نے ایک کو شوٹ کیا ،پھر دوسرے کو، پھر تیسرے کو اور پھر چوتھے کو۔ انہوں نے 35 سے 30 سیکنڈز میں سارے جہاز تباہ کر دیے۔دنیا بھر کی فضائیہ کا کوئی پائلٹ بھی پاکستانی ہوا باز(ایم ایم عالم)کا 30 سیکنڈ میں دشمن کے چھ جہاز شکار کرنے کا ریکارڈ نہیں توڑ سکا۔