114

جھاد بالقلم میرا خواب/تحریر/سیدہ فاطمہ طارق(کراچی)

اسلامک رائٹرز موومنٹ کی ہونہار ممبر اور شریکِ مقابلہ
”عورت سیرت طیبہ کی روشنی میں“ کے تاثرات)

اسلامک رائٹر موومنٹ میرے لیے ایسا پلیٹ فارم ہے جس کے ساتھ جڑنا میں اپنی خوش نصیبی سمجھتی ہوں کیونکہ جھاد فی السبیل اللہ کا حکم اللہ تعالیٰ نے دیا ہے اور بلاشبہ قلم کے ذریعے آواز حق بلند کرنا کسی طور جہاد کرنے سے کم نہیں ہے۔ جھاد بالقلم میں اچھا اور دل میں اتر جانے والی تحریریں لکھ کر اپنے دین کو پھیلانا اس سے بہترین نفع بخش بھلا اور کیا بات ہو سکتی ہے کہ آپ ایسا لکھیں جو آپ کے لیے مغفرت و بخشش کا ذریعہ بن جائے۔
قلمی میدان میں قدم کیسے رکھا؟ تو یہاں پر میں معلمہ بیگم سیدہ ناجیہ شعیب احمد آپی کا ذکر کرنا چاہوں گی جو اپنے مضامین اور کہانیاں اسٹیٹس پر شئیر کرتی تھیں تو ان کو دیکھ کر میرے اندر ذوق و شوق پیدا ہوا کہ میں بھی لکھوں۔
مجھے کہانیاں پڑھنے کا بچپن سے شوق تھا لیکن لکھنے کا شوق ناجیہ آپی کو دیکھ کر جاگا پھر تو میں نے ان سے کورس کی معلومات لینا چاہیں تو انہوں نے مجھے معلمہ انیلہ افضال آپا کا نمبر دیدیا اور یوں میں بھی اسلامک رائٹر موومنٹ کا حصہ بن گئی۔ بیگم سیدہ ناجیہ شعیب احمد میری بہت اچھی خیر خواہ اور سہیلیوں میں سے ہیں اور کہتے ہیں کہ اچھا دوست ہمیشہ اچھی بات سکھاتا ہے اور اس تنظیم میں شامل کرنے میں میری مدد کرکے انہوں نے دوستی کا حق ادا کردیا۔
اس تنظیم میں شامل ہونے کی مجھے سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ یہاں علماء کرام ہیں جن کے متعلق حدیث میں آتا ہے کہ: العلماء ورثة الانبیاء۔ تو ان تمام معزز علمائے کرام، اساتذہ کرام اور معلمات کی صحبت سے ہمیں بھی فائدہ پہنچے گا۔ میں یہاں استادِ محترم محمد حفیظ چوہدری صاحب کا بھی ذکر کرنا چاہوں گی جنہوں نے ہر قدم پر میری رہنمائی کی اور جو سوال میں ان سے کرتی اس کا جواب وہ اپنی بے انتہا مصروفیت کے باوجود تفصیل سے دیتے تھے۔
مجھے اس بات کی بھی بے حد خوشی ہے کہ یہ تنظیم ایک ادنیٰ سے لکھاری کی حوصلہ افزائی کرنا جانتا ہے۔ اس کا ثبوت میں خود ہوں کہ میں نے پہلی مرتبہ کسی تحریری مقابلے میں حصہ لیا اور میری تیسری پوزیشن آگئی۔ اور جو شاباشی تنظیم نے مجھے کتابوں کے ہدیے کے صورت میں دی ہے اس خوشی کا تو کوئی ٹھکانہ ہی نہیں۔
میں ایک مرتبہ پھر استاتذہ اور معلمات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں، جنہوں نے مجھے اتنی اچھی معلومات دیں۔ مجھے ایسی باتوں کا علم دیا جس کو سیکھ کر میں بہت اچھا لکھ سکتی ہوں اپنے دین کا نام روشن کر سکتی ہوں۔ جو علم و ہنر اور صلاحیتیں اللہ تعالیٰ نے مجھے عنایت فرمائی ہیں انہیں بروئے کار لا سکتی ہوں۔
لکھنے کا شوق ہمیشہ سے ہی تھا لیکن ایک نامور لکھاری بننے کا خواب اب بہت جلد شرمندۂ تعبیر ہوگا ان شاءاللہ۔
اللہ سبحانہ وتعالیٰ اسلامک رائٹرز موومنٹ پاکستان کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی دے جو نئے لکھاریوں کو ہمت اور حوصلہ دیتا ہے اور ان کو اس بات سے روشناس کراتا ہے کہ جو کچھ تمہارے دل میں ہے اسے تہذیب و ادب کے دائرے میں رہ کر قلم کے ذریعے صفحۂ قرطاس پر رقم کردو۔ حق کہو حق سنو حق لکھو، حق کی بات پھیلانے میں کسی سے مت ڈرو۔
اللہ تعالیٰ ہمارے سروں پر ہمارے اکابرین، استاتذہ اور معلمات کا سایہ تادیر سلامت رکھے تاکہ وہ ہمیں رہتی دنیا تک علم کی دولت سے نوازتے رہیں۔
آمین ثم آمین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں