107

حضرت مولانا حماد اللہ درخواستی رحمۃ اللہ علیہ کے حالات زندگی/تحریر/عرفان اللہ اختر/نائب صدر اسلامک رائٹرز موومنٹ پنجاب

عرفان اللہ اختر

استاذ محترم ومکرم شیخ التفسیر والحدیث حضرت مولانا شفیق الرحمن درخواستی صاحب نوراللہ مرقدہٗ کے فرزند ارجمند اور شیخ التفسیر والحدیث حضرت مولانا مفتی حبیب الرحمن درخواستی دامت برکاتہم العالیہ کے داماد و بھتیجے استاذ محترم ومکرم شیخ الحدیث حضرت مولانا حماد اللہ درخواستی رحمۃ اللہ علیہ کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے اپنے فضل واحسان سے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کی رہنمائی کے لیے منتخب فرمایا۔ استاذ محترم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا تقویٰ مثالی، ان کے علم و عمل کا اعلیٰ معیار اور قربانیاں قابل قدر وقابل تقلید ہیں۔
راقم الحروف کو ان سے شرف تلمذ حاصل ہے۔
اللہ تعالیٰ کے احسانات میں سے ایک بڑا احسان یہ ہے کہ ان سے مشکوہ شریف اور ابوداؤد شریف جلد اول کا سبق پڑھا۔ اللہ پاک نے استاد محترم صاحب کو حلم و حوصلہ، تدبر و بردباری، واعظ و نصیحت، تقریر وخطابت درس و تدریس، تصنیف و تالیف، شفقت ومحبت عرض ہر صفت کمال درجے کی عطا فرمائی ہوئی تھی۔ انہوں نے عظیم علمی کارنامے سر انجام دیے جن کامیں اور آپ کیا بلکہ تاریخ اور زمانہ گواہ ہے۔
گزشتہ کل 10 محرم الحرام 9 اگست کو استاذ محترم صاحب رحمۃ اللہ علیہ دارالفناء سے دارالبقاءکی طرف کوچ فرما گئے ۔
استاذ محترم صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی و لادت سات جمادی الثانی بروز سوموار 1389ھ بمطابق 1969ء کو دین پور کالونی، خان پور میں ہوئی ۔
استاذمحترم صاحب کے بڑے نانا جان شیخ الاسلام حضرت مولانا محمد عبداللہ صاحب درخواستی نور اللہ مرقدہ نے آپ کا نام حماد اللہ رکھا اور علم و عمل، خیر و برکت کی ڈھیروں دعائیں ارشاد فرمائیں ۔
آپ کے والد گرامی! شیخ الاسلام حضرت درخواستی رحمۃ اللّٰہ علیہ کے علمی جانشین استاذمحترم شیخ الحدیث والتفسیرحضرت مولانا شفیق الرحمن صاحب درخواستی نور اللہ مرقدہ تھے جن کے ساتھ آپ نے اٹھارہ سال تک قرآن و حدیث کی تعلیم و تدریس و خدمت و اشاعت میں حصہ لیا۔ جن کی سب سے زیادہ شفقت و محبت آپ کو حاصل رہی۔
استاذ محترم صاحب نے دس سال کی عمر میں بستی درخواست میں اپنے دادا جان حضرت مولانا عبد الرؤف صاحب درخواستی رحمۃ اللہ علیہ اور میاں جی حافظ عبدالغفار صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے قرآن مجید حفظ مکمل کر لیا۔
آپ نے ابتدائی تعلیم خان پور’ ظاہر پیر اور بہاولپور میں اپنے وقت کے جید اور ممتاز علماء کرام سے حاصل کی جن میں شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مولانا شفیق الرحمن صاحب درخواستی رحمۃ اللہ علیہ ، حضرت مولانا امیر محمد صاحب رحمۃ اللہ علیہ، شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی حبیب الرحمن صاحب درخواستی مدظلہ’ حضرت مولانا خلیل الرحمٰن ڈاہر صاحب مدظلہ اور شہید اسلام حضرت مولانا انیس الرحمن صاحب درخواستی رحمۃ اللہ علیہ قابل ذکر ہیں۔
آپ نے دورہ حدیث شریف کے اسباق 1989ء میں جامعة العلوم الاسلامیة علامہ بنوری ٹائون کراچی میں شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی ولی حسن صاحب ٹونکی رحمۃ اللہ علیہ، حضرت مولانا مفتی احمد الرحمن صاحب، حضرت مولانا محمد ادریس صاحب اور حضرت مولانا مصباح اللہ شاہ صاحب سے پڑھے۔ ادارہ کے امتحانات اور وفاق المدارس کے امتحانات میں نمایاں اور امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کی۔
آپ نے تفسیر کے اسباق شیخ الاسلام حضرت مولانا محمد عبداللہ صاحب درخواستی رحمۃ اللہ علیہ اور شیخ التفسیر حضرت مولانا شفیق الرحمن صاحب درخواستی رحمۃ اللہ علیہ سے پڑھے۔
استاذ محترم صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے درس و تدریس جامعہ عبداللہ بن مسعود خان پور میں تقریباً اٹھارہ سال تدریس کے فرائض سرانجام دیے۔ اور جامعہ عبداللہ بن مسعود خان پور میں بحیثیت ناظم تعلیمات، استاذ الحدیث اور استاذ التفسیر خدمات سرانجام دیتے رہے۔
استاذ محترم صاحب رحمۃ اللہ علیہ ایک بہترین و شاندار مدرس، فصیح اللسان، کامل البیان ہیں اور اپنی بات طلباء کے قلب و جگر دل و دماغ تک پہنچانے کی خوب صلاحیت رکھتے تھے۔
استاذ محترم صاحب ایک عظیم الشان خطیب اور مقرر تھے، آپ کی خطابت قرآن و حدیث پر مشتمل ہوتی تھی ۔ شہر خان پور، ضلع رحیم یار خا ن بلکہ ملک پاکستان کے عظیم الشان اجتماعات آپ کی خطابت کے گواہ ہیں۔ وقت اور موقع محل کی مناسبت سے دینی،دنیوی، تبلیغی،اصلاحی اور تاریخی گفتگو کرنے کی اللہ رب العزت نے آپ کو خصوصی صلاحیت عطاء فرمائی تھی۔
استاذ محترم صاحب کو اپنے والد محترم شیخ الحدیث والتفسیر شیخ طریقت حضرت مولانا شفیق الرحمن صاحب درخواستی رحمۃ اللہ علیہ سے سلاسل اربعہ، قادریہ’ نقشبندیہ، چشتیہ، سہروردیہ میں اجازت و خلافت حاصل ہے۔ آپ اپنے والد محترم شیخ الحدیث رحمۃ اللہ علیہ کے علوم و عرفان کے وارث و امین اور علمی و روحانی جانشین تھے ۔
آپ رحمتہ اللہ علیہ کی اولاد ماشاءاللہ سب دینی علوم سے مالا مال ہے۔ بیٹے مولانا محمد نعمان درخواستی صاحب ، مولانا محمد سفیان درخواستی صاحب اور مولانا محمد سلمان درخواستی صاحب الحمدللہ تینوں درس وتدریس ، وعظ و تقریر کے زریعے دین متین کی خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔
اللہ پاک مزید قبول فرمائے آمین!
استاذمحترم صاحب رحمۃ اللہ علیہ مکتبہ شیخ درخواستی کے زیر اہتمام شیخ الاسلام حافظ الحدیث والقرآن حضرت مولانا محمد عبداللہ صاحب درخواستی رحمۃ اللہ علیہ، استاذمحترم شیخ الحدیث والتفسیر حضرت مولانا شفیق الرحمن صاحب درخواستی رحمۃ اللہ علیہ اور استاد محترم رحمۃ اللہ علیہ اپنی دینی،تعلیمی، تدریسی، تبلیغی، فقہی، اصلاحی تصانیف منظر عام پر لانے کے لیے کوشاں تھے۔ بہت سی کتب شائع ہو چکی ہیں اور بہت سی زیر طبع تھیں۔
اللہ پاک اپنی بارگاہ میں استاذمحترم رحمۃ اللہ علیہ کی ہر طرح کی دینی کاوشوں کو قبولیت سے نوازے اور ان کی قبر پر کروڑوں رحمتیں نازل فرمائے آمین!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں