141

ناکامی/تحریر/عبداللہ بن زبیر/معلم/بزنس مین/سوشل میڈیا ایکٹوسٹ

تحریر/عبداللہ بن زبیر

آکسفورڈ ڈکشنری میں “ناکامی” کی مختلف تعریفیں کی گئی ہیں
جیسے “ کامیابی کی کمی”،
“متوقع یا مطلوبہ نتائج کا حاصل نہ ہونا “
تاہم سب سے دلچسپ چیز جس پہ میری نظر رک سی گئی ، وہ ہے “کاروبار کا خاتمہ”! کیا ناکامی کا مطلب واقعی کاروبار کا مکمل خاتمہ ہے؟
بزنس کی تاریخ سے واقف طالب علم اگر مطالعہ کا شوقین ہو تو وہ بخوبی جانتا ہے کہ “ کامیابی کے بیج ناکامی سے بھری مٹی میں ہی بوئے جاتے ہیں”
بلب انسانیت کی عظیم ترین ایجادات میں سے ایک رہا ہے۔
31 دسمبر 1879 کو، برسوں کی محنت اور ہزاروں تجربات کے بعد، ایڈیسن نے نیو جرسی میں اپنی لیبارٹری میں روشنی کے بلب کا پہلا عوامی مظاہرہ کیا۔ ایک رپورٹر نے مظاہرے کو دیکھنے کے بعد ایڈیسن کا جب تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ یہ وہ انسان ہیں جو جانتے ہیں کہ بلب کو بجلی سے ککیاے روشن کیا جاتا ہے ؟ تو ایڈیسن نے اسے ٹوک دیا
“ مسٹر رپورٹر! یہ صرف ایک طریقہ ہے کہ لائٹ بلب کو کیسے آن کیا
جا سکتا ہے؟ آپ اور یہاں پر موجود ہر شخص یہ دیکھ چکا ہے، تاہم 1000 سے زیادہ طریقے ایسے ہیں جن سے ایک بلب روشن نہیں کیا جا سکتا ، خوش قسمتی سے میں وہ انسان ہوں جو ان 1000 طریقوں کے بارے میں جانتا ہوں “
ناکامی کا ہر لمحہ آپ کو اداس کر دیتا ہے، آپ کو یہ احساس ہوتا ہے کہ دنیا آپ پر ٹوٹ پڑی ہے اور آپ کا پیشہ ورانہ کیریئر ختم ہوچکا ہے۔ لیکن یاد رہے آپ واحد شخص نہیں ہیں جنہیں ناکامی ملی ، دنیا کے سب سے زیادہ متاثر کن، کامیاب اور بااثر لوگوں کو بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دوسروں کی ناکامیوں کا مطالعہ ناکامی پر قابو پانے کے بہترین طریقوں میں سے ایک ہے۔ ناکامی کامیابی کے عمل کا حصہ ہے اور آپ کو اسے ایک رکاوٹ کے بجائے آگے بڑھ جانے کا عمل سمجھئے۔
البرٹ آئن سٹائن نے کہا تھا کہ
“اگر آپ کبھی ناکام نہیں ہوئے تو آپ نے کبھی کوئی نئی چیز نہیں آزمائی‘‘۔ وہ بارہ سال کی عمر تک روانی سے بول نہیں سکتا تھا۔ اس کے آس پاس کے لوگ جو خوابوں میں بھی نہیں سوچ سکتے تھے وہ اس نے حاصل کیا۔
آئن سٹائن کی کامیابی کی کلید اس کی مستعدی، تسلسل سے محنت اور بار بار ناکام ہونے کی خواہش تھی۔ اس نے ہر ناکامی سے سیکھا اور ناکامیوں نے اسے ناقابل تسخیر بنادیا ۔
مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس ہمارے دور کے کامیاب ترین کاروباری افراد میں سے ایک ہیں۔ ہم سبھی ونڈوز، ورڈ، ایکسل اور مائیکروسافٹ کی دیگر کامیاب پروڈکٹس کے بارے میں جانتے ہیں
لیکن اس کی تیار کردہ پہلی پروڈکٹ Traf-O-Data 8008 — ایک ایسا آلہ جو ٹریفک ٹیپس پر ایک نظر ڈال سکتا ہے اور پھر انہیں مفید ڈیٹا میں پروسیس کر سکتا ہے۔ گیٹس نے مقامی کاؤنٹی میں سیلز پچ بنایا، لیکن ایک معمولی خامی کے نتیجے میں ڈیمو ناکام ہو گیا: یہ کام نہیں کر سکا۔ بل اور اس کے ساتھی ایلن نے ناکامی سے سبق سیکھا اور کہا “ اگرچہ Traf-O-Data ایک ناکام تجربہ تھا لیکن یہ ہمیں چند سال بعد مائیکروسافٹ کی پہلی پروڈکٹ بنانے کے لیے تیار کرنے میں بنیادی معاون ثابت ہوا “
مانا کہ ہر کوئی گیٹس کی طرح خوش قسمت نہیں ہوگا، لیکن اگر ایک بار کی ناکامی سے آپ دوسری بار کوشش نہیں کرتے کہ کہیں ناکام نہ ہو جائیں تو آپ غلطی پر ہیں ۔
ناکامی ہمیشہ کامیابی سے پہلے نہیں ہوتی بعض اوقات یہ کامیابی کے بعد آتی ہے۔ Arianna Huffington The Huffington Post کی صدر اور ایڈیٹر انچیف ہیں۔ وہ کیمبرج یونین ڈیبیٹنگ سوسائٹی کی پہلی غیر ملکی خاتون صدر تھیں۔ 23 سال کی عمر میں، اس نے اپنی پہلی بیسٹ سیلر کتاب – The Female Woman شائع کی۔ اپنی پہلی کتاب کی کامیابی کے باوجود، اس کی دوسری کتاب کو 36 بار پبلشرز کی طرف سے مسترد کردیا گیا ۔
اپنی ناکامیوں کے بارے میں ہفنگٹن کا نقطہ نظر مثبت ہے۔ وہ ناکامی کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہیں اور اس پر یقین رکھتی ہیں کہ ناکامی ڈرنے کی چیز نہیں ہے، یہ کامیابی کے برعکس نہیں ہے بلکہ یہ کامیابی کے لیے ایک سیڑھی ہے، جب آپ آگے بڑھتے رہتے ہیں اور راستے میں آنے والی ناکامیوں اور رکاوٹوں کے باوجود بڑھتے چلے جاتے ہیں تو آپ پہلے ہی ان تمام لوگوں سے آگے ہوتے ہیں جنہوں نے ہار مان لی۔
صرف اس وجہ سے مایوس ہوکر بیٹھ جانا کہ آپ کو کسی اور دھچکے کا سامنا کرنا پڑسکتاہے انتہائی نامناسب عمل ہے ، یہ آپ کی ترقی میں رکاوٹ ہے ، ناکامی کا یہ مطلب نہیں کہ آپ پھنس گئے ہیں۔ آپ جو کچھ کرتے ہیں وہ دوبارہ کریں ، غلطیوں سے سیکھتے ہوئے آگے بڑھیں قدرت نے آپ کو ہارنے کے لئے پیدا نہیں کیا ، یہ ہار یا ناکامی آپ کو ٹریک پہ لانے کے لئے ہے ، خود پر یقین رکھیں۔ آپ بالآخر ٹریک پر واپس آجائیں گے، اور یہ ممکن ہے کہ آپ پہلے سے بھی بہتر ہوں گے۔ استقامت ہی سب کچھ ہے۔ ہمت نہ ہاریں ، ناکامیاں ہر ایک کو ملتی ہیں لیکن پرعزم لوگ آگے بڑھتے رہتے ہیں۔ وہ اپنی غلطیوں سبق سیکھتے ہوئے اپنا سفر جاری رکھتے ہیں ، بالآخر، کافی آزمائشوں کے بعد وہ کامیاب ہو جاتے ہیں اور کامیابی راستے کی تمام مصیبتوں کو یکسر بھلا دیتی ہے ، اور ایک دن آتا ہے ٹھٹھہ اڑانے والے ، جُگتیں کسنے والے ، ناکام کہنے والے ، برے الفاظ اور القاب سے یاد کرنے والے تمہاری ترقی کی رفتار سے حیران ہوتے ہیں اور دانتوں تلے انگلیاں دبائے دیکھ رہے ہوتے ہیں ۔ وہ وہیں ہوں گے جہاں آپ نے انہیں چھوڑا لیکن آپ بہت آگے نکل چکے ہوں گے ۔
لہذا مزاق بن جائیے لوگوں گا ، جگت بازی کرنے دیجئے اپنی ذات پر ، طنز ہو ، تنقید ہو سہہ لیجئے ، سامنا کیجئے یہ تمام عوامل کامیابی کے لئے steps ثابت ہوں گے ان شاء اللہ
اپنا خیال رکھئے گا ۔۔۔۔رہے نام اللہ کا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں