115

یوم اساتذہ اور ہمارا عزم راقم/ مولانا بلال توصیف فاضل ادارہ علوم اسلامی سترہ میل اسلام آباد

آج پانچ اکتوبر ہے . یوم اساتذہ جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے . ہر طالب علم اپنی بساط کے مطابق اپنے اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کر رہا ہے . کوئی کھانا لا کر اساتذہ کو کھلا رہا ہے تو کوئی پھول پیش کر رہا ہے . کسی کے ہاتھ میں استاد کے لئے کوئی اور تحفہ ہے تو کسی کے ہاتھ میں خوبصورت کارڈ اٹھایا ہوا ہے . اساتذہ کرام بھی خوش ہیں کہ طلباء ہماری حوصلہ افرائی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں , اور طلباء کو احساس ہے کہ ہم ان کے ساتھ تعلیمی میدان میں معاون ہیں . استاد کا مقام و مرتبہ یقینا بلند اور بہت بلند ہے . یہاں تک کہ خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک موقع پر فرمایا میں استاد بنا کر بھیجا گیا ہوں . اس سے زیادہ محنتی , آپ سے زیادہ مشفق , آپ سے زیادہ بہترین مربی نہ آج سے پہلے کوئی ہوا نہ ہو گا . جہاں آپ کا نام رہتی دنیا تک بلند و بالا ہے وہاں آپ کے شاگردوں کا مقام و مرتبہ بھی بلند و بالا ہے . آپ کے شاگردوں میں ابوبکر و عمر , عثمان و علی , معاویہ و ہریرہ , بلال و صہیب و سلمان رضوان اللہ علیھم اجمعین جیسے بہت ہی بڑے نام ہیں . آج کے دن کی مناسبت سے ایک گزارش کرنا چاہوں گا کہ آئیے ! اس استاد کی تعلیمات کی پیروی کریں اور اپنے شاگردوں کو بھی اس بات کی تلقین کریں کہ جس کا استاد خود رب کائنات ہے , جو سو فیصد کامیاب استاد ہے , جس کی تعلیمات سو فیصد درست ہیں , جس کی راہنمائی دنیا اور آخرت کی کامیابی دلاتی ہے , جس کی بات مان کر ہم دنیا کو جنت بنا سکتے ہیں اور آخرت میں جنت کا حصول جس کی تعلیمات کو پس پشت ڈال کر ممکن نہیں . جس نے یہ دعا سکھائی ” رَبَّنَا آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً، وَفِي الْآخِرَةِ حَسَنَةً وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ“ (اے اللہ! ہمیں دنیا میں بھلائی عطا کر اور آخرت میں بھلائی عطا کر اور ہمیں دوزخ سے بچا) ان کی پیروی کریں . ان کا دامن تھامیں . ان کی سیرت کو پڑھیں اور اس سے راہنمائی حاصل کریں . اپنا رشتہ ان سے مضبوط کریں . پھر دیکھیں دنیا کی کامیابیاں کیسے ہمارے قدم چومتی ہیں اور ہم آخرت میں کیسے سرخرو ہوتے ہیں .اگر ہم یہ بات خود سمجھ گئے اور اپنے طلباء کو یہ بات سمجھا دی تو یقینا یہ “یوم اساتذہ” آپ کی زندگی کا بہترین اور کامیاب ترین دن ہو گا .ساری بات سمیٹتے ہوئی آج کے دن یہ عہد کریں کہ معلم اعظم جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی پیروی کو یقینی بنائیں گے .

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں