186

سیرت محمد مصطفی/ تبصرہ نگار محمد عظیم فاروقی

محمد عظیم فاروقی


نام کتاب ۔ سیرت محمد مصطفی ﷺ
نام مرتب ۔ مولانا محمد حماد انذر قاسمی ۔ مہتمم جامعہ فاروقیہ سیالکوٹ
تعداد صفحات ۔۔۔ 315

آپ ﷺکی تعلیمات پرعمل پیرا ہو نے میں ہی عالم انسانیت کی حقیقی فلاح و کامرانی اور نجات مضمرہے۔ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ کو اسوہ حسنہ قرار دیا گیا ہے۔ اسی وجہ سے آپ ﷺ کی حیات مبارکہ کی ایک ایک جھلک ایک ایک کرن کو سیرت نگاروں نے خوبصورت انداز اور خوش اسلوبی سے مرتب کیا ہے۔ یہ سلسلہ عہد نبوی ﷺکے دور ہی سے شروع ہو چکا تھا جسکا سہرا صحابہ کرام کی جماعت کو جاتا ہے جہنوں نےروایات کی صورت میں امت تک اس خزانے کو منتقل کیا۔ اُس وقت سے لیکر آج تک سیرت پر لکھنے کا کام بلاناغہ جاری و ساری ہے۔
متعلقہ کتاب کا تعارف شروع کرنے سے پہلے سیرت کے معنی و مفہوم پیش کیا جاتا ہے
سیرت کے لغوی معنی راستہ کے ہیں
اور اس کا اطلاق امام الانبیاء ، خاتم الانبیاء ، سید الانبیاء، سید المذنبین ، سید الکونین ، سید المرسلین نبی مکرم جناب حضرت محمد عربی ﷺ کےحالات و تعلیمات اور واقعات کے مجموعہ پر ہوتا ہے۔ شاہ عبدالعزیز دہلوی ؒ نے سیرت کی تعریف بیان کرتے ہوے فرماتے ہیں کہ
’’ جو کچھ ہمارے پیغمبر ﷺ، حضرت صحابہ کرام اور آں عظام کے مبارک وجود کے ساتھ متعلق ہو اور حضور ﷺ کی پیدائش سے وفات تک واقعات پر مشتمل ہو سیرت کہتے ہیں ‘‘۔ ہر زمانہ میں حالات کے رجحانات کے مطابق نئے نئے اسالیب اور مناہج کے مطابق سیرت پر کتب لکھی گئیں۔ سیرت رسول ﷺ پر بلا مذہب و ملت ایل علم و فن اور سیر نگاروں نے قلم اٹھایا اور ہر پہلو پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ آج تک اسلامی علوم و فنون پر جتنا لکھا گیا ہے اس میں زیادہ تر حصہ سیرت رسول مقبول ﷺ پر مشتمل ہے۔ اس تعلق سے اردو زبان مالا مال ہے اس زبان میں سیرت النبی ﷺ کی قابل تحسین اور محقق اور بے شمارکتب لکھی گئی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اردو زبان میں دس ہزار سے زائد کتب سیرت النبی کے موضوع پر لکھی جا چکی ہیں سیرت پر غالبا کسی اور زبان میں اب تک اتنی کتابیں نہیں لکھی گئی ہیں۔ یہ سلسلہ مولانا سید سلیمان ندویؒ کی ’’رحمت عالم‘‘ اور مولانا ابو الحسن علی ندوی ؒ کی ـ’’رحمت عالم‘‘ سے لے کر ۱۳ جلدوں پر مشتمل ’ نقوش ‘ کے ’’رسول نمبر‘‘تک خوبصوت گلدستہ پھیلا ہوا ہے ۔
اسی کی ایک کڑی زیر نظر کتاب سیرت محمد مصطفی ﷺ از مولانا حماد انذر قاسمی صاحب کی عظیم کاوش ہے جو دراصل محقق العصر الشیخ حضرت مولانا علامہ محمد ادریس کاندھلوی کی کتاب ۔ سیرت مصطفی ﷺ کی تلخیص ہے جو تین جلدوں پر مشتمل سیرت النبی ﷺکا خوبصورت گلدستہ ہے جس میں تمام حال واحوال اور نبی مکرم ﷺ کی تعلیمات کو سن ھجری کی ترتیب سے مدون کیا گیا ہے “سیرت مصطفی ﷺ” نے علماء و خواص کے حلقوں میں جو مقبولیت حاصل کی ہے وہ حضرت محمد ادریس کاندھلوی کا عظیم شاہکار ہے
مگر ضروت اس بات کی تھی کہ اس کی تلخیص کو سہل انداز میں پیش کیا جا سکے تاکہ عوام الناس بھی اس انمول خزانے سے استفادہ حاصل کر سکے
اس عظیم کار خیر کا شرف فاضل نوجوان حضرت مولانا حماد انذر قاسمی کو حاصل ہوا انتہائی مناسب ، خوش اسلوبی سے مرتب کیا ہے مناسب آسان الفاظ کا چناؤ اورجملوں کا تسلسل اس طرح برقرار رکھا گیا ہے کہ اصل عبارات کے مفاہیم و مطالب ، کو پوری طرح ملحوظ رکھتے ہوے اختصار کے ساتھ پیش کیا ہے
شیخ الحدیث حضرت مولانا زاہد الراشدی صاحب اس کتاب کی تقریظ میں لکھتے ہیں کہ
ہمارے فاضل عزیز مولانا حماد انذر قاسمی نے یہ خدمات سر انجام دی ہے اور محنت شاقہ کے ساتھ اس عظیم علمی و تاریخی ذخیرہ کو تمام پڑھے لکھےلوگوں کے لیے ازسرنو مرتب کر دیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں