102

حضرت مولانا ظفر احمد قاسم رحمہ اللہ (مہتمم و شیخ الحدیث جامعہ خالد بن ولید وہاڑی) کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔

میڈیا سینٹر وفاق المدارس العربیہ پاکستان

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی دستور کمیٹی کے رکن،سابق رکن مجلس عاملہ، بزرگ علمی شخصیت حضرت مولانا ظفر احمد قاسم رحمہ اللہ (مہتمم و شیخ الحدیث جامعہ خالد بن ولید وہاڑی) کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔
انا للہ واناالیہ راجعون
آپ کی رحلت سے علمی حلقوں کیلئے بڑا نقصان ہے۔ میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق مولانا ظفر احمد قاسم مرحوم ایک جید عالم دین تھے،آپ نے نصف صدی سے زائد دینی علوم کی تدریس و ترویج کے ذریعہ بڑی خدمات انجام دیں۔آپ کی فراغت 1966ء میں عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم کبیر والا سے ہوئی،آپ کے اساتذہ میں وقت کے کبار علماء و مشائخ شامل ہیں،جن میں دارالعلوم کبیر والا کے بانی مولانا عبدالخالق، مولانا عبدالمجید لدھیانوی، مولانا صوفی محمد سرور،مولانا علی محمد، مولانا عبدالحق،مولانا ظہور الحق اور مولانا منظور الحق رحمہم اللہ سمیت دیگر شامل تھے۔فراغت کے بعد اپنے مادر علمی دارالعلوم کبیر والا میں چھ سال تدریس کی،اسی طرح شور کوٹ میں جامعہ عثمانیہ اور مرکزی عیدگاہ تلمبہ میں بھی آپ نے تدریسی خدمات انجام دیں۔1986ء میں آپ نے ٹھنگی وہاڑی میں جامعہ خالد بن ولید کی بنیاد رکھی،آپ کی محنت و کاوش سے ادارہ نے تیزی سے ترقی کی،اس وقت ملک کی معروف دینی درسگاہ میں ادارہ کا شمار ہوتا ہے۔
چند برس قبل لاہور میں آپ کا بائی پاس ہوا تھا،اس کے کچھ عرصہ بعد سے آپ مختلف امراض میں مبتلاء تھے۔پانچ روز قبل طبعیت زیادہ ناساز ہونے کی بناء پر ناظم اعلی وفاق المدارس حضرت مولانا محمد حنیف جالندھری حفظہ اللہ کی مشاورت اور تعاون سے ملتان کے معروف نشتر ھسپتال میں آپ کو انتہائی نگہداشت (ICU) میں داخل کیا گیا،آج بروز جمعہ نو ستمبر 2022ء صبح چھ بجے جان جان آفرین کی سپرد کردی۔سوگواران میں ہزاروں تلامذہ،متعلقین و متوسلین سمیت ایک بیوہ،تین بیٹے مولانا خلیل الرحمٰن ،مولانا عزیز الرحمن ،مولانا عبیدالرحمن دو بیٹیاں شامل ہیں۔آپ کی نماز جنازہ ان شاءاللہ آج شام بعد نماز مغرب جامعہ خالد بن ولید وہاڑی میں ادا کی جائے گی،اور تدفین آپ کی وصیت کے مطابق اسی ادارہ سے متصل موجود قبرستان میں عمل میں لائی جائے گی۔
آپ کے انتقال پر قائدین وفاق المدارس مولانا مفتی محمد تقی عثمانی ،مولانا انوارالحق حقانی ،مولانا محمد حنیف جالندھری، مولانا عبیداللہ خالد ،مولانا سید سلیمان بنوری، مولانا سعید یوسف،قاضی عبدالرشید،مولانا زبیر احمد صدیقی سمیت دیگر صوبائی نظماء ومنتظمین اور مسؤلین نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور لواحقین سے مسنون تعزیت کرتے ہوئے ان کی علمی خدمات کو سراہا،اور اھل مدارس وجملہ آئمہ مساجد سے مرحوم کیلئے خصوصی دعاؤں کے اھتمام کی اپیل بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں