مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا انوار الحق، قاری محمد حنیف جالندھری، مولانا عبد القدوس محمدی و دیگر

میڈیا سنٹر وفاق المدارس العربیہ پاکستان
اسلام آباد ویب ڈیسک (30جولائی 2023ء)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین صدر وفاق مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،نائب صدر وفاق مولانا انوار الحق اور ناظم اعلیٰ وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے باجوڑ میں جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے کو افسوسناک اور المناک سانحہ قرار دیا،وفاق المدارس کے قائدین نے سانحہ باجوڑ کی آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے اس کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا،
وفاق المدارس کے قائدین نے ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا،وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے کہا کہ سانحہ باجوڑ کے حوالے سے فوری اور سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ دہشت گردی کے اس سلسلے کو مزید بڑھنے اور پھیلنے سے روکا جا سکے-وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان سمیت جمعیت علماء اسلام کی پوری قیادت اور سانحہ میں شہید ہونے والے کارکنوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے ملک بھر کی مساجد کے ائمہ و خطبا اور مدارس کے منتظمین اور اساتذہ و طلبہ سے بھی خصوصی دعاؤں کی اپیل کی#