اس جہاں میں انسان کے پاس سب سے قیمتی چیز علم ہے۔ علم ہی وہ نعمت ہے جو اللہ نے سب سے پہلے انسان کو عطاء کی۔ جب اللہ نے حضرت آدم علیہ السلام کو پیدا کیا تو انہیں سب سے پہلے جو چیز دی وہ علم تھی۔ علم اللہ کی وہ نعمت ہے جسے الله نے صرف انسانوں کے لیے خاص کیا۔ علم کی وجہ سے انسان اشرف المخلوقات کہلایا۔ علم ہی وہ زریعہ ہے جو انسان کو ادب کے زیور سے مزین کرتا ہے۔ علم کے ذریعے ہی انسان شعور کی بلندیوں کو چھوتا ہے۔ علم کے ذریعے ہی انسان انسانیت کو پہچانتا ہے۔ علم ہی انسان کو انسان بناتا ہے۔ علم انسان میں افکار تدبر فھم کی ضیاء ڈالتا ہے۔ علم ہی انسان کو حقیقی معنوں میں جینا سکھاتا ہے۔ علم ہی انسان کو معاملات اور معاشرت میں حسن کارکردگی ادا کرنے پر ابھارتا ہے۔ علم ہی انسان کو زندگی کے مقصد اصلی کی طرف توجہ دلاتا ہے ، اسے احساس دلاتا ہے کہ وہ دنیا میں کیوں آیا۔ علم انسان کو رب کی معرفت کی جستجو میں لگاتا ہے۔ علم کے بغیر انسان جانوروں کے مثل ہے جو صرف کھاتا پیتا ہے اور سوجاتا ہے۔ اگر علم نا ہوتا تو انسان کبھی زندگی کے مقصد اصلی کو نا پہچان پاتا، کبھی اللہ کی معرفت تک نہ پہنچ پاتا۔ علم نا ہوتا تو انسان کبھی کامیابیوں کی بلندیوں کو نا چھو پاتا۔ علم نا ہوتا تو انسان کبھی تاریکیوں میں روشنی کی کرن نا ڈھونڈ پاتا۔
مختصر یہ کہ علم کے بغیر انسان کی زندگی تاریک ہے۔ علم سے ہی انسان کی شان ہے علم ہی انسان کی پہچان ہے۔
