79

حلال فاؤنڈیشن اور کراچی یونیورسٹی کے تحت حلال آگہی مہم/رپورٹ/شکیل رومی

لیب میں تیارکردہ گوشت اورگوشت کی صنعت کا مستقبل
کے عنوان سے منعقدہ گرینڈ سیمینار کی روداد
Lab Grown Meat & Future of Meat Industry

10 اگست 2023ء بروز جمعرات حلال فاؤنڈیشن اورکراچی یونیورسٹی کے باہمی تعاون سے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے یو ایم (UM)ہال میں ”لیب میں تیار کردہ گوشت( لیب گرون میٹ) اور گوشت کی صنعت کا مستقبل” کے عنوان سے ایک گرینڈ سیمینار منعقد ہوا۔ مفتیان کرام، علماء کرام، مدارس کے طلبہ، یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات، کمپنیوں کے نمائندگان اور حلال سے تعلق رکھنے والی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ایسی ہی کثیر تعداد آن لائن شرکت کرنے والوں کی تھی۔سیمینار کے چیدہ چیدہ احوال قارئین کی خدمت میں پیش ہیں:
اہم جھلکیاں
پس منظر
لیب میں تیارکردہ گوشت وقت کا ایک حساس اور ابھرتا ہوا موضوع ہے، اس حساسیت کو بھانپتے ہوئے حلال فاؤنڈیشن کے ریسرچ ہیڈ ڈاکٹر محمدعمر فاروق راشد صاحب نے اس عنوان پر سیمینارکروانے کا آئیڈیا پیش کیا، جسے سی ای او حلال فاؤنڈیشن مولانا محمد طلحہ صدیقی صاحب نے سراہا اور حلال فاؤنڈیشن کی ٹیم نے مل کر اس پر کام شروع کر دیا۔ سرمحمد طلحہ صدیقی صاحب نے کراچی یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سیدمحمد غفران سعید صاحب سے اس بابت بات کی تو انہوں نے بہت داد دی اورڈاکٹر شاہینہ ناز نے اپنے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اس سیمینار کے انعقاد کی پیشکش کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ یوں حلال فاؤنڈیشن اور کراچی یونیورسٹی کے باہمی اشتراک سے یہ سیمینار منعقد ہوا۔ یاد رہے کہ اس موضوع پر اپنی نوعیت کا یہ پہلا منفرد سیمینار تھا۔
موضوعات جو زیر بحث آئے
سیمینار میں مقررین نے جن موضوعات پر تقاریر کیں، ان کے بنیادی نکات یہ تھے: مصنوعی گوشت کی تاریخ و تعارف، موجودہ عالمی تناظر کا جائزہ، مصنوعی گوشت کی لیب میں مرحلہ وار تیاری، آرٹیفیشل میٹ کا تکنیکی و شرعی جائزہ، لیب میں تیار کردہ گوشت کی غذائی خصوصیات،مصنوعی گوشت بنانے والی انڈسٹریوں کا مستقبل، مصنوعی گوشت اور ماہرین حلال کی ذمہ داری، لیب گرون میٹ میں ماہرین خوراک کا کردار، مفتیان کرام اور ماہر ڈاکٹرز کا اجتماع آج کی بڑی ضرورت، حلال و حرام کو درپیش چینلجز، گوشت میں موجود سٹیم سیلز کا تعارف و تحقیق اور حلال و حرام سے متعقلہ شرعی اصول و ضوابط۔
مہمانان خصوصی
ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی،جناب آغا فخر حسین
وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی،جناب ڈاکٹر خالد محمود عراقی
وائس چانسلر الغزالی یونیورسٹی،جناب ڈاکٹر ذیشان احمد
بیرون ممالک سے خصوصی شراکت
سنحا (Sanha) ساؤتھ افریقہ کے بانی و ڈائریکٹر مفتی سعید نولکھی صاحب خصوصی طور پرساؤتھ افریقہ سے اس سیمینار میں شرکت کے لیے تشریف لائے۔
او آئی سی سمک (OIC SMIIC) ترکی کے جنرل سیکٹری مسٹر احسان اووت صاحب نے آن لائن شرکت کی اور حلال کے مسائل اورکوالٹی کے بنیادی ڈھانچے پر او آئی سی سمک کے معیارات کا مختصر تعارف بھی پیش کیا۔
معزز اسپیکرز
سیمینارمیں جن شرکاء نے اپنے مقالاجات کا خلاصہ بیان کیا، وہ یہ تھے:
1 مفتی محمد نجیب خان (چیئرمین شریعہ بورڈ HARC)
2 مفتی محمد احسن اویسی (وائس پرنسپل دارلعلوم میمن، شریعہ ایکسپرٹ)
3 مفتی محمد معاذ اشرف (سی ای او مرکز برائے حلال یقین دہانی)
4 مفتی سید عابد شاہ (سینئر مفتی جامعۃ الرشید وشریعہ ایڈوائزر)
5 ڈاکٹر سید غلام مشرف (پروفیسر HEI ریسرچ انسٹیٹیوٹICCBS)
6 ڈاکٹر سید محمد غفران سعید (اسسٹنٹ پروفیسر فوڈ سائنس ڈیپارٹمنٹ، کراچی یونیورسٹی)
7 مفتی فداء اللہ خان( مفتی دارالعلوم کراچی و حلال فوڈز شریعہ ایکسپرٹ)
8 مفتی عمر فاروق فاروقی(شریعہ ایکسپرٹ حلال فاؤنڈیشن)
9 ڈاکٹرسامعہ تسلیم (اسسٹنٹ پروفیسر ہمدرد یونیورسٹی)
میڈیا کوریج
جے ٹی آر میڈیا ہاؤس نے سیمینار کی مکمل کوریج کی اور ڈاکومینٹریز بنا کر اپ لوڈ کیں۔ ہفت روزہ شریعہ اینڈ بزنس اس سیمینار کو دستاویزی شکل میں لائے گا،جس پر لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے۔
تقاریر اور بیانات کا خلاصہ
مفتی نجیب خان
چیئرمین شریعہ بورڈ HARC مفتی نجیب خان کا کہنا تھا کہ ایک مفتی، فوڈ سائنٹسٹ کے بغیر اکیلے فیصلہ نہیں کر سکتا اور اسی طرح اس کا عکس۔ اس وقت ہمیں بہت سے چینلجز کا سامنا ہے، جن میں آگاہی، تحقیق اور فوڈ و حیوانات پر سائنسی ریسرچ وغیرہ شامل ہیں۔ مستقبل کے ان چینلز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔
مفتی محمد معاذ اشرف
دارالعلوم کراچی کے مفتی اور سی ای او مرکز برائے حلال یقین دہانی مفتی محمدمعاذ اشرف جو عرصہ دراز سے لیب میٹ کے پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں،نے مصنوعی گوشت کی تیاری کے تمام مراحل کو خوبصورت انداز میں پیش کیا کہ کیسے گوشت سے خلیات لیے جاتے ہیں، ان کی لیبارٹری میں پرورش کی جاتی ہے اور گوشت بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے سٹیم سیلز اور دیگر متعلقہ سیلز پر مدلل تکنیکی گفتگو کی۔
مفتی محمد احسن اویسی
وائس پرنسپل درالعلوم میمن اور تحقیق و افتاء میں محقق و مصنف مفتی محمد احسن اویسی نے ایک مفتی اور فوڈ سائنس ایکسپرٹ کی بنیادی ذمہ داریوں اور فرائض کی یاد دہانی کروائی۔ حلال و حرام کے موضوع پر شریعت کے اصول و قوانین بتائے اور ہر ایک کی کئی مثالیں دے کر وضاحت کی۔
مفتی سید عابد شاہ
جامعۃ الرشید کے سینئر مفتی اور شریعہ ایڈوائزر مفتی عابد شاہ صاحب نے مفتی،سائنٹسٹ اور عوام کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ ان کہنا تھا کہ عوام کو اب خود حلال و حرام چیزوں میں احتیاط کرنا ہو گی۔ مفتی کو نئے مسائل اور مباحث پر تحقیق کر کے ان کا شرعی حال پیش کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے بڑھ کر ذمہ داری ایک سائنٹسٹ اور ڈاکٹر کی ہے، کیونکہ وہ جس طرح کا سوال پیش کرے گا، مفتی اسی کو مدنظر رکھ کر جواب دے گا۔ ایک ڈاکٹر اور سائنٹسٹ کو تحقیق کر کے درست معلومات اور سوالات پیش کرنے چاہئیں۔
ڈاکٹر ذیشان احمد
وائس چانسلر الغزالی یونیورسٹی ڈاکٹر ذیشان احمد صاحب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف مفتیان کرام لیب میٹ کے شرعی حکم اور دوسری طرف فوڈ سائنٹسٹ اس کی کیمیکل ترکیب پر تحقیق کر رہے ہیں۔ میرے خیال میں یہ لیب میٹ اور اس جیسے مسائل کے حل کے لیے بہترین امتزاج ہے۔
ڈاکٹر خالد محمود عراقی
وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر خالد محمود عراقی صاحب نے اس موقع پر کہا کہ مصنوعی گوشت کی صنعت کو فروغ دینے یا اس کے ذائقے،پیداواری لاگت اور صحت افزا یا مضر صحت ہونے کے حوالے سے گفتگو کرنا قبل از وقت ہے۔ سب سے پہلے اس بات کا تعین ضروری ہے کہ مصنوعی گوشت حلال ہے یا حرام؟ اس کے بعد دیگر امور پر بات چیت کی جائے۔ عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے اور دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنا ناگزیر ہے اور تحقیق کے بغیر اہداف کا حصول ممکن نہیں۔
ڈاکٹر شاہینہ ناز
ہیڈ آف فوڈسائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر شاہینہ ناز نے مصنوعی گوشت کے حامیوں کے دلائل یبان کیے اور ان کا رد بھی کیا۔ آپ کا کہنا تھا کہ مصنوعی گوشت کی لیب میں تیاری اور مارکیٹ میں آنے سے قبل اس کے شرعی حکم کے بارے جاننا ہو گا۔ ان کہنا تھا کہ اگرچہ مصنوعی گوشت جانوروں سے حاصل ہونے والے گوشت کی طرح غذائیت سے بھرپور نہیں ہو سکتا، لیکن اس کو متبادل کے طور پر لانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹرسید محمد غفران سعید
اسسٹنٹ پروفیسرفوڈسائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محمد غفران سعید نے لیب میں تیارکردہ گوشت اور اس کے پائیدار ہونے کی جدید سائنس پر گفتگو کی۔آپ نے لیب میٹ کی ابتدا سے اب تک کی مکمل تاریخ بتائی اور تیاری کا پروسیجر بھی بتایا۔
اس کے علاوہ مفتی فداء اللہ اور ڈاکٹر سید غلام مشرف صاحب نےبھی گفتگو کی۔
٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں