خواب کتنے حسین و خوبصورت ہوتے ہیں۔ جو مسلسل خوابوں کی دنیا میں جی رہے ہوتے ہیں اگر ان سے پوچھا جائے تو ان کے لیے خواب زندگی جینے کا ذریعہ ہیں، ان کی ہمت، طاقت، حوصلہ، محبت، آرزو، کوشش اور زندگی میں آگے بڑھنے کی تمنا و جستجو ہے۔
خوابوں میں جب سنہری سپنے، نئی منزلیں، نئے راستے دکھائی دیتے ہیں تو وہ الگ ہی دنیا میں ہمیں لے جاتے ہیں۔ دور کہیں خیالوں کے فلک پر چاند، تاروں کے درمیان اپنی خواہشوں کے ساتھ پر سکون وادی میں گم سم کر دیتے ہیں۔ خواب چاہے بند آنکھوں سے دیکھے جائیں یا جاگتی آنکھوں سے لیکن خوابوں کی دنیا لگتی ہی بہت حسین ہے۔ ایسی الگ دنیا جس میں انسان اپنے خواب پلکوں میں سجا کے رکھتا ہے۔ کبھی وہ خواب حقیقت کا روپ دھار لیتے ہیں اور کبھی بس ادھورے خواب رہ جاتے ہیں۔
انسان کے کچھ خواب ایسے ہوتے ہیں جو حقیقت میں ان کو پورا کرنے کی کوشش اور خواہش کرتا ہے۔ ایسے خواب جو اس کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیں اس کا روشن مستقبل سنوار دیں۔ ایسے خواب ضرور دیکھیں اور ان کو سچ کرنے کے لیے جدوجہد کریں کیونکہ خوابوں کی تکمیل ایک خوبصورت اور عظیم احساس ہے اور جب ہم اس کو حقیقت میں پایہ تکمیل تک پہنچا دیں تو یہ ہماری کامیابی اور خوشی کی ایسی انتہا ہوتی ہے کہ ہم خود سوچتے ہیں جو خواب تھا اس کو ہم نے محنت، لگن، کوشش کے ساتھ حقیقت میں بدل دیا۔کچھ ایسے ادھورے خواب رہ جاتے ہیں جو بس خوابوں کی دنیا تک ہی محدود رہتے ہیں اور اسی دنیا تک ہم ان کو دیکھ سکتے ہیں، محسوس کر سکتے ہیں اور اسی طرح ان ادھورے حسین خوابوں کے ذریعے اپنی زندگی گزار سکتے ہیں۔ کچھ ادھورے خواب اتنے حسین، دلکش، پر سکون ہوتے ہیں کہ نا چاہتے ہوئے بھی انسان یہی سوچتا ہے کہ انہی خوابوں کی دنیا میں بس جیتے رہیں۔ ایسے نامکمل خواب ہمارے جینے کی وجہ ہوتے ہیں، ہماری چاہت کی وجہ بنتے ہیں۔ اس چاہت کی جو لاحاصل ہوتی ہے کبھی خوشیوں کے ساتھ کبھی درد کے ساتھ لیکن بہت خوبصورت یہ خوابوں کی دنیا ہوتی ہے جو ایک انسان کے جینے کا حوصلہ دیتی ہے۔
