81

نعت/زمین روشن ہوئی دوبارہ، حضور دنیا میں آ گئے ہیں/شاعری/ارقم شہیر عباسی

در آقا پر سیہ کار عاشق کی قلمی حاضری!
صلی اللہ علی النبی الامی وعلی آلہ واصحابہ وبارک وسلم

زمین روشن ہوئی دوبارہ، حضور دنیا میں آ گئے ہیں
بتان باطل ہیں پارہ پارہ حضور دنیا میں آ گئے ہیں

فلک سے رحمت اتر رہی ہے، جبین عالم نکھر رہی ہے
فضاء سے ملتا ہے یہ اشارہ حضور دنیا میں آ گئے ہیں

دلوں سے  چمٹا غبار اترا، سبھی کا سارا خمار اترا
دہر کا چمکا ہے پھر ستارا حضور دنیا میں آ گئے ہیں

حدود کعبہ کو پاک کردو، نظام باطل کو چاک کردو
صنم نہیں اب کوئی گوارہ حضور دنیا میں آ گئے ہیں

تلاش حق کی جنہیں تھی حسرت، قرار آیا انہیں اسی وقت
گرے ہوؤں کو ہوا سہارا حضور دنیا میں آ گئے ہیں

جفاء و ظلمت کے سب اندھیرے، پلک جھپکتے میں چھٹ گئے ہیں
حق ہے واضح اور آشکارا حضور دنیا میں آ گئے ہیں

ابو قحافہ کے گھر میں صدق وصفاء کی کرنیں بتا رہی ہیں
انہیں کا ہے یہ کمال سارا حضور دنیا میں آ گئے ہیں

درود ارض و سماء پہ جاری، خمار عشق وسرور طاری
یونہی نہیں یہ حسیں نظارہ حضور دنیا میں آ گئے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں