125

حالات کا مقابلہ کیسے کریں؟/تحریر/محمد زاھد جمیل

عام طور پر ہم یہ جملہ استعمال کرتے ہیں کہ “حالات کا مقابلہ کرنا چاہیے” لیکن کبھی سوچا کہ اس مقابلے کا مطلب کیا ہے ؟ کیا اس کا یہ مطلب یہ ہوتا ہے کہ آلاتِ جنگ و حرب اٹھا کر میدان میں کود پڑیں۔ نہیں اور ہر گز نہیں بلکہ اس کا مطلب ہوتا کہ:-
حالات آپ پر زندگی کی راہیں تنگ کرتے ہوئے “چاہیں” گے کہ تم مر جاؤ. لیکن تم نے اپنے آپ کو زندہ رکھنا ہے۔ حالات “چاہیں” گے کہ قحط سے خوفزدہ ہو کر اولاد کو موت کی گھاٹ اتار دو۔ لیکن تم نے اپنی اولاد کو موت کے منہ میں نہیں پھینکا۔ حالات آپ پر فقر کو مسلط کرتے ہوئے “کہیں” گے کہ اپنی خود داری بیچ کر لوگوں کے سامنے دست سوال پھیلاؤ۔ لیکن تم نے حتی المقدور خود داری کا سودا نہیں کرنا۔ حالات معاشی بحران میں مبتلاء کر کے مطالبہ کریں گے کہ زندگی کے اکھاڑے میں مصائب کے خونخوار بھیڑیے کے آگے بے یار و مددگار پھینکنے والے بہن بھائیوں کے لیے دل میں نفرت کے بیج کاشت کرو۔ لیکن تم نے ہمیشہ محبت کے پھولوں کی آبیاری کرنی ہے۔ حالات تقاضا کریں گے معاشرتی اصولوں کو روند ڈالو۔ چوری، ڈاکہ زنی کے بازار گرم کر دو۔ لیکن تم نے رواداری اور ایمانداری کا دامن نہیں چھوڑنا۔
حالات تمہارا گریبان پکڑ کر جھنجھوڑیں گے کہ “نا حق” چھینا جھپٹی کرو۔ لیکن تم نے اس کے چہرے پہ عدل کا تھپڑ رسید کرتے ہوئے کہنا ہے جو میرا نہیں ہے میں اسے کبھی نہیں لوں گا۔ حالات تقاضا کریں گے کہ ملاوٹ کرو، دو نمبری کرو مگر تم نے امتِ رسول ﷺ ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ملاوٹ و دو نمبری سے دامن کو پاک رکھنا ہے۔ حالات تقاضا کریں گے کہ مال و دولت بچاؤ لیکن تم جذبہ ایثار سے کام لینا اور مال و دولت لگا کر انسانیت کا تحفظ کرنا۔ حالات چاہیں گے کہ تم رشتوں کو بَلّی چڑھا دو اور جمع پونجی بچا لو۔ لیکن تم رشتوں کے بچاؤ میں اپنی جمع پونجی لٹا دینا۔
الغرض حالات آپ سے فساد فی الارض کا مطالبہ کریں گے۔لیکن آپ نے نیابتِ خدا وندی کا بھرم رکھتے ہوئے زباں کو شکرِ خدا سے تر و تازہ رکھتے ہوئے عدل و انصاف اور امن کا پرچار کرنا ہے۔ اگر تم ایسا کر جاتے ہو تو پھر تم حالات کے حملوں کا بہترین دفاع کرنے والے ہو۔ تم حالات کے پنجے میں پنجہ ڈالنے والے سورما ہو۔ تم حالات کی لگام کھینچنے والے غضب کے شہسوار ہو۔ تم حالات کو چار شانوں چت کرنے والے بہترین پہلوان ہو۔ تم حالات کا رخ موڑنے والے بہترین سپہ سالار ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں