اخلاق کا معیار نہیں دیکھ رہے کیا ؟
مذہب کے گلو کار نہیں دیکھ رہے کیا؟
دن رات پڑھے جاتے ہیں گانوں کی دھنوں پر
تم نعت کے اشعار نہیں دیکھ رہے کیا ؟
رنگین عمامے ہوئے،اور جست پاجامے
فیشن کا یہ بازار نہیں دیکھ رہے کیا ؟
سرکار کے مسنون طریقوں سے ہیں بیزار
سرکار کے حب دار نہیں دیکھ رہے کیا؟
دنیا میں بنے پھرتے ہیں روحانی معالج
یہ قلب کے بیمار نہیں دیکھ رہے کیا؟
مذہب کی جڑیں کاٹتے پھرتے ہیں جہاں میں
اس قوم کے معمار نہیں دیکھ رہے کیا؟
پیسوں کی عقیدت کو بنایا ہے عقیدہ
دولت کے طلب گار نہیں دیکھ رہے کیا ؟