26

خواب/تحریر/خنساء ستار/گوجرانوالہ

کیا تم خواب دیکھنے کے عادی ہو، بڑے بڑے خواب
مگر تم ڈرتے ہو ان کے بکھر جانے سے، کھو جانے سے اور ٹوٹ جانے سے۔
تو آج میں تمہیں بتاتی ہوں ہمیشہ یاد رکھنا
ہر خواب کی ایک قیمت ہوتی ہے۔
خواب پورے ہوتے ہیں مگر اس کے جو اس کی قیمت ادا کرتا ہے۔
اور خوابوں کی قمیت بھلا کیا ہوتی ہے۔
تمہارے رت جگے، اپنوں کی جدائی ، لمبی ہجرتیں، جان سے پیاری چیزوں کی قربانی اور ان تھک محنت
اگر یہ سب کیے بغیر تم چاہو کہ تم اپنے خواب پالو تو یہ ناممکن سی خواہش ہے۔
تم نے سورہ یوسف تو سنی ہو گی نا۔
کتنی مکمل کہانی ہے، خوابوں کی تعبیر کی کہانی۔
کیونکہ یہ کہانی بھی اک خواب سے شروع ہوتی ہے۔
یوسف علیہ السلام کا خواب
اگر تم سوچو تو تم جانو گے کہ اللہ نے تمہیں یوسف علیہ السّلام کی مکمل کہانی کیوں سنائی؟!
صرف یہ بھی تو بتا سکتے تھے نا کہ یوسف علیہ السّلام نے خواب دیکھا اور رب نے اسے پورا کر دیا۔
انہیں خوابوں کی تعبیر کا علم بھی سیکھا دیا اور مصر کا اقتدار بھی دے دیا۔
کیونکہ تمہیں یہ سیکھانا تھا
خواب دیکھ لینا آسان ہے مگر عزیز مصر کا گھر پانے کے لیے کنویں کی گہرائی بھی ماپنی پڑتی ہے اور مصر کے بازاروں میں کوڑیوں کے بھاؤ بکنا بھی پڑتا ہے۔
خوابوں کی تعبیر کا علم پانے کے لیے برائیوں سے منہ موڑنا پڑتا ہے اور قید کی مشقتیں بھی کاٹنی پڑتی ہیں۔
مصر کا اقتدار پانے کے لیے بھائیوں کی بے وفائیاں بھی جھیلنی پڑتی ہیں اور گھر والوں کی جدائیاں بھی
مگر ان ریاضتوں کے بعد خوابوں کا رب تعبیر سے نواز دیتا ہے۔
مگر خواب سے تعبیر تک کا وقت بتاتا ہے کہ تم کتنی محبت کرتے ہو اپنے خواب سے۔
کتنے سچے ہو اس کی تعبیر پانے میں۔
کیونکہ خواب تعمیر کرنے پڑتے ہیں اور تعمیراتی کام آسان نہیں ہوتے۔
ہاں خواب کی تعبیر آسان نہیں مگر تم پاسکتے ہو اگر تم ظرف بڑا رکھتے هو،
اور خواب تو بلند ظرف والے ہی دیکھا کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں