فکرِ ایمان ہو دل میں قرآن ہو
لب پہ ہر وقت پیغامِ رحمان ہو
جسدِ واحد کہا اہلِ ایمان کو
میرے دل میں یہ آقا کا فرمان ہو
روز قرآن پڑھنے کی عادت رہے
دنیا داری میں بھی دل مسلمان ہو
ذکر کے نور کی برکتیں دیکھ لے
ذکر کے نور سے جو بھی انجان ہو
یا الٰہی عجب پُر فتن دور ہے
نیک بننا مگر سب کا آسان ہو
عرشِ اعظم سے امداد کردیجیے
کوئی مسلم کہیں بھی پریشان ہو
ایسا حاکم ملے میری دھرتی کو جو
علمائے حق کا سچّا قدردان ہو
اے خداوندِقدوس دونوں جہاں
دعوتِ دین ہی میری پہچان ہو