217

میراحقیقی تعارف/تحریر/ساجدمحمود

لَقَدْ اَنْزَلْنَآ اِلَيْكُمْ كِتٰبًا فِيْهِ ذِكْرُكُمْ (الأنبياء 10)
ہم نے تمہارے پاس ایک ایسی کتاب اتاری ہے جس میں تمہارا ہی ذکر(تعارف)ہے
آدم زادوں کی اس بستی میں ہر فرزند آدم تشہیری و تعارفی لائنوں میں اپنی خوبصورت و دلکش تصویر دیکھنا چاہتاہے۔
ہر ایک کی خواہش ہےکہ وہ سوشل میڈیا کے محلے میں نامور آدمی بنے،یوٹیوب کے گلی کوچوں کا بادشاہ اور ٹک ٹاک کے میدان کا سٹاربن کر اپنی شخصیت کو لوگوں میں اُجاگر کرے،اس کے لئے اگر اسے جھوٹ فریب،دھوکہ اور خلافِ حقیقت امور سے بھی کچھ کام لینا پڑے تو کوئی کسی قسم کا شک وشبہ اس کے دل میں نہ کھٹکے، اسے اس سے پرواہ ہو تو کیونکر ہو ! وہ توبس قوم کی نظروں میں بڑاشخص بنناچاہتاہے۔
اسے شاید علم نہیں کہ وہ ریت میں منہ چھپانے یا اپنے آپ کو دھوکہ میں رکھنے کی کیسی خطرناک شکل اختیار کر رہا ہے،
اپنےقلبی تسکین کے لیے اپنے دل کو کس طرح گندا کر رہا ہے اور اس میں کیسی کیسی نجس چیزوں کو سجا کر اپنی زندگی کی قیمتیں ساعتیں بربادی کی نذر کر رہا ہے،اور خود اطمینان کی چادر ڈال کریہ سمجھ رہا ہے کہ جس طرح میں لوگوں کے سامنے ظاہر ہو کر آتا ہوں باطن میں بھی میں ٹھیک اسی طرح کا انسان ہوں ،لہذامجھےاپنےباطن کی مطلق فکرنہیں کرنی چاہیے۔
قرآن کریم نے انسانی زندگی کے کسی ایک خزینہ کو بھی تاریکی میں نہیں چھوڑا۔مذکورہ آیت میں اپنی ظاہری صورت سے دھوکہ کھانے والے ہر انسان کا ایک آسمان سےاترنےوالاحقیقی تعارف پیش کیاگیاہے۔
لَقَدْ اَنْزَلْنَآ اِلَيْكُمْ كِتٰبًا فِيْهِ ذِكْرُكُمْ (الأنبياء 10)
ہم نے تمہارے پاس ایک ایسی کتاب اتاری ہے جس میں تمہارا ہی ذکر(تعارف)ہے۔
کیونکہ قرآن کریم میں ہر انسان، مسلمان،کافر،منافق،نمازی، بے نمازی، روزے دار،غیر روزہ دار، زناکار،دھوکہ باز ،فریب کار، حرام خور، سودخود، ناحق قتل کرنے والا، ناحق مال کھانے والا،اوراپنے مسلمان بھائی کو تکلیف پہنچانے والا۔۔۔۔
الغرض ہر قسم کے متّقی اور ہر قسم کے فاجرانسان کا تعارف پیش فرما دیا گیا ہے۔
اب انسان قرآنی آئینہ لگائے اور خود اپنے من میں ڈوب کر سراغ لگائے کہ میں کون ہوں اور میرا حقیقی تعارف کیاہے؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں