Muhammad Ashfaq Wasir Ghotvi 0

حضرت مولانا حافظ محمد رفیع الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ /تحریر/محمد اشفاق وسیر گھوٹوی/فاضل/ جامعہ عمر بن خطاب ملتان

*تحریروں میں کہاں سمٹتے ہیں دلوں کے درد*
*بس یونہی دل کو بہلا رہے ہیں کاغذوں کے ساتھ*
دنیا میں کچھ ایسی عظیم ہستیاں بھی تشریف لاتی ہیں کہ جن کے وجود مسعود سے ایک عالم مستفید ہوتا ہے، جن کے فیوض و برکات سے ایک دنیا سیراب ہوتی ہے، جن کے باطنی و روحانی انوارات سے ذرہ ذرہ منور ہوجاتا ہے، ایسی ہستیاں جب اجل موعود پر اس دنیا سے پردہ کر جاتی ہیں تو اگر چہ جسمانی لحاظ سے وہ داغ مفارقت دے جاتی ہیں لیکن ان کی روحانی برکات، ان کے علمی فیوضات، ان کے اخلاقِ حسنہ اور اوصاف جمیلہ کے تذکرے اور خُوشبوئیں رہتی دنیا تک عالم کو مشکبار کرتی رہتی ہیں،
انہی عظیم و مبارک شخصیات میں سے ایک شخصیت استاذالاساتذہ، مجسمہ علم و حلم، پیکر صدق و وفا، حامل علم و عمل،فنافی التدریس حضرت اقدس مولانا حافظ محمد رفیع الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ کی بھی ہے ۔
آپ اسم با مسمی ظاہراً و باطناً رفیع تھے، آپ ان معدودے چند ہستیوں میں سے تھے جنھیں قدرت اپنے مشن کے لیے بطورِ خاص توفیق سے نوازتی ہے، جن سے خلق خدا کو نور ہدایت اور مضطرب و مایوس لوگوں کو طمانینت نصیب ہوتی ہے۔
آپ نے ساری زندگی، *قال اللہ وقال الرسول* کے نغمے بلند کیے، مسند تدریس پر متمکن ہوکر علم و حکمت کے گوہرِ یکتا افشاء فرمائے ۔
*نام و نسب*
آپ کا نام مولانا رفیع الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ بن مولانا حافظ حمیدالدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ بن شیخ المشائخ استاذالاساتذہ حضرت مولانا حافظ محمد جمال الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ بن مولانا محمد صالح گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ بن مولانا محمد شریف گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ ہے ۔
*کنیت* : ابو مغیث، *نسبت:* گھوٹوی، *قوم:* اعوان ۔
*ولادت با سعادت:*
آپ کی پیدائش تقریباً سن 1324ھ مطابق سن 1906ع کے لگ بھگ بستی محمد پور گھوٹہ نزد قاسم بیلہ ضلع ملتان کے مقام پر ہوئی ۔
*خاندانی پیشہ:*
خاندانی پیشہ درس و تدریس تھا، نسل درنسل آپ کے آباء واجداد درس و تدریس سے منسلک چلے آرہے تھے لہذا آپ نے بھی درس و تدریس کو ہی اپنا مشغلہ بنایا اور تادمِ آخر اسی کے ساتھ وابستہ رہے ۔
*تعلیمی سفر:*
آپ کے والدین ماجدین نہایت دیندار،متقی اور پرہیز گار تھے،گھر کا ماحول دیندارانہ تھا لہذا آپ نے تعلیمی سفر کا آغاز اپنے گھر سے ہی شروع کیا،
آپ نے اپنی والدہ ماجدہ اور اپنے ماموں حافظ وقت حضرت میاں جی مولانا حافظ نجم الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ سے قرآن مجید حفظ اور یاد کیا ۔
فارسی اور عربی کی ابتدائی کتب اپنے داداجی جامع المعقول والمنقول حضرت مولانا حافظ محمد جمال الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ کے شاگردِ خاص حضرت مولانا حافظ محمود بھپلا گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ بن اللہ یار بھپلا مرحوم سے پڑھیں، مزید تحصیل علم کے لیے آپ نے بستی سحر موضع ٹبہ سلطانپور ضلع وہاڑی میں اپنے قریبی رشتہ دار استاذالعلماء حضرت مولانا حکیم احمد حسن رحمۃ اللہ علیہ کے سامنے زانوئے تلمذ طے کیا ۔
پھر تشنگی علم آپ کو اپنے داداجی کے متبنی اور تلمیذ خاص شیخ الجامعہ حضرت مولانا حافظ غلام محمد محدث گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ،(سابق شیخ الجامعہ،جامعہ عباسیہ بہاولپور)کی خدمت اقدس میں لے گئی ۔ لیکن ان دنوں فاتح قادیانیت حضرت مولانا پیر سید مہر علی شاہ گولڑوی رحمۃ اللّٰہ علیہ کے اکلوتے فرزند حضرت قبلہ بابو جی رحمتہ اللہ علیہ کے دونوں صاحبزادے ،1 ۔حضرت مولانا سید غلام معین الدین شاہ رحمۃ اللہ علیہ،2۔ اور حضرت مولانا سید عبدالحق شاہ رحمۃ اللہ علیہ ۔
حضرت مولانا غلام محمد محدث گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ کے پاس پڑھنے کے لیے تشریف لائے ہوئے تھے، اس لیے حضرت مولانا حافظ غلام محمد محدث گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ نے آپ کو یہ کہہ کر پڑھانے سے معذرت کر لی کہ *آپ استاذ زادے ہیں اور وہ پیرزادے،لیکن تدریس اور دیگر مشاغل کی وجہ سے میرے پاس وقت نہیں ہے اور جو وقت بچتا ہے وہ میں پیرزادوں کو دیتا ہوں* ۔ اس لیے وہاں سے آپ واپس آگئے ۔
بعد ازاں جامعہ نعمانیہ نظامیہ قدیر آباد ملتان میں شیخ الحدیث حضرت مولانا فیض اللہ ملتانی رحمۃ اللّٰہ علیہ (فاضل دارالعلوم دیوبند)کی خدمت میں حاضر ہوکر کتب حدیث وغیرہ کا درس لیا اور سند الفراغ حاصل کی ۔
*بیک وقت متعلم بھی اور معلم بھی:*
آپ اپنی طالب علمی کا واقعہ یوں بیان فرماتے تھے کہ جب میں جامعہ نعمانیہ نظامیہ میں پڑھتا تھا تو اس وقت ایک تو میرے پاس آنے جانے کے لیے سائیکل وغیرہ کا انتظام نہیں تھا ،دوسرا شیخ المشائخ حضرت مولانا حافظ محمد جمال الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ اور اپنے چچا حضرت مولانا حافظ محمد رفیع الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ (فاضل دارالعلوم دیوبند) دونوں حضرات کی وفات ہوگئی اور حضرت مولانا غلام محمد گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ محمد پور گھوٹہ سے ضلع بہاولپور جامعہ عباسیہ میں ہجرت کر گئے اورمیرے والد ماجد حضرت مولانا حافظ حمیدالدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ اکیلے تھے اس لیے کثرت طلباء کے پیش نظر مدرسہ عربیہ گھوٹہ شریف میں تدریس بھی کرتا تھا، اس کی صورت یہ تھی کہ میں صبح سویرے جلدی اٹھ جاتا اور فجر کی نماز سے پہلے پیدل چل پڑتا اور صبح کی نماز چوک نواں شہر کی مسجد میں ادا کرکے پھر مدرسے پہنچتا تقریباً ظہر سے پہلے پڑھائی ختم کرکے پیدل مدرسہ عربیہ گھوٹہ شریف میں پہنچ کر بعداز نماز ظہر تدریس شروع کر دیتا جو رات گئے تک جاری رہتی یہ سلسلہ کافی عرصے تک چلتا رہا پھر بعد میں سائیکل کا انتظام بھی ہوگیا ۔(مدرسہ عربیہ گھوٹہ شریف سےچوک نواں شہر ملتان تک کا سفر تقریباً چھ،سات کلومیٹر بنتاہے)
*مدرسہ عربیہ گھوٹہ شریف میں مستقل تقرری:*
جامعہ نعمانیہ نظامیہ سے فراغت کے بعد آپ کی صلاحیتوں کے پیش نظر آپ کے والد ماجد حضرت مولانا حافظ محمد حمید الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ نے مدرسہ عربیہ گھوٹہ شریف کے شعبہ کتب میں مستقل مدرس ہونے کی حیثیت سے آپ کا تقرر فرماکر تدریس کی ذمہ داری آپ کو سونپ دی،آپ نے اس ذمہ داری کو باحسن طریق پوری کامیابی کے ساتھ نبھایا ۔
کئی برس تک آپ صرف شعبہ کتب کے مدرس رہے بعدازاں حالات کے پیش نظر آپ نے شعبہ قرآن اور شعبہ کتب دونوں میں تدریس کرنی شروع کر دی ۔
چونکہ آپ نے ایک صدی سے زائد عمر پائی ہے اس لحاظ سے آپ نے کم و بیش تقریباً اسی (80) سال تک تدریس کے فرائض سر انجام دیے ہیں، اس دوران آپ نے سینکڑوں حفاظ اور ہزاروں علماء تیار کیے ہیں ۔
*تصوف و سلوک:*
اوائل جوانی میں آپ،حضرت مولانا پیر سید مہر علی شاہ گولڑوی رحمۃ اللّٰہ علیہ سے بیعت ہونے کی نیت سے گولڑہ شریف حاضر ہوئے جبکہ شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ،صاحب فراش تھے اور کسی سے بات تک نہیں کرتے تھے،خدام کے ذریعے شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ کو بتایا گیا کہ محمد پور گھوٹہ سے کوئی نوجوان آیا ہے ۔چونکہ شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ کا محمد پور گھوٹہ سے بڑا گہرا تعلق تھا اکثر آتے جاتے تھے خصوصاً حضرت مولانا محمود بھپلا گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ سے بہت گہرے مراسم تھے اور شیخ المشائخ حضرت مولانا حافظ محمد جمال الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ تو آپ کے پیر بھائی تھے حضرت مولانا حافظ محمد جمال الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ کی وفات کے بعد شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ جب بھی محمد پور گھوٹہ تشریف لاتے تو حضرت مولانا حافظ محمد جمال الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ کی قبر پر اکثر فاتحہ پڑھتے اور مراقب ہوتے ۔ اس بناءپر شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا کہ اس نوجوان کو بلاؤ ۔حضرت مولانا حافظ محمد رفیع الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ حاضر ہوئے تعارف ہوا تو شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ نے بہت عزت افزائی فرمائی اور آنے کا مدعا پوچھا آپ نے شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ کو صاحب فراش دیکھ کر خاموشی اختیار کی، اس دوران کسی اور نے کہہ دیا کہ یہ حضرت صاحب بیعت ہونے کے لیے آئے ہیں تو اس پر شاہ صاحب رحمتہ اللہ علیہ نے آپ کو بیعت فرمالیا اور دعاؤں کے ساتھ رخصت فرمایا ۔
حضرت مولانا پیر سید مہر علی شاہ گولڑوی رحمۃ اللہ علیہ کی وفات کے بعد آپ نے حضرت خواجہ قمر الدین سیالوی رحمۃ اللہ علیہ (سیال شریف تحصیل ساہیوال ضلع سرگودھا)کے دست حق پرست پر تجدید بیعت کی ۔
*حضرت شیخ القراء قاری رحیم بخش پانی پتی رحمۃ اللہ علیہ سے تعلق:*
مجددالقراآت شیخ القراء حضرت مولانا قاری رحیم بخش پانی پتی رحمۃ اللہ علیہ کو آپ سے بے پناہ انس تھا،حضرت قاری صاحب رحمتہ اللہ علیہ جب اپنے شاگرد رشید حضرت میاں جی قاری محمد انوار الحق گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ کے پاس بغرض امتحان وغیر بستی محمد پور گھوٹہ میں تشریف لاتے تو آپ کے ہاں ضرور قدم رنجہ فرماتے آپ قاری صاحب کو ملتان کی مشہور سوغات آموں کا تحفہ پیش کرتے، جس پر قاری صاحب رحمتہ اللہ علیہ بہت خوش ہوتے اور دعائیں دیتے،آپ اپنے حفاظ تلامذہ کو تجویدوقراءت کی تعلیم کے لیے حضرت مولانا قاری رحیم بخش پانی پتی رحمۃ اللہ علیہ کے پاس بھیجتے تھے ۔
ایک دفعہ آپ اپنے صاحبزادگان حضرت مولانا قاری محمد مطیع الدین گھوٹوی صاحب دامت برکاتہم العالیہ اور حضرت مولانا قاری محمد حمید الدین گھوٹوی صاحب مدظلہ کو حضرت مولانا قاری رحیم بخش پانی پتی رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت میں دینے کے لیے جامعہ خیرالمدارس ملتان تشریف لے گئے جبکہ داخلے بند ہو چکے تھے،حضرت مولانا قاری رحیم بخش پانی پتی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ داخلے تو بند ہو چکے ہیں لیکن آپ کو بھی خالی نہیں موڑ سکتے،لہذا ایک صاحبزادے کو تو میں رکھ لیتا ہوں اور دوسرے کو طاہر کے پاس بھیج دیں (سیدالقراء حضرت مولانا قاری محمد طاہر رحیمی ثم مدنی رحمۃ اللہ علیہ مراد ہیں) اب کس کو رکھیں اس پر قرعہ اندازی ہوئی تو آپ کے چھوٹے صاحبزادے حضرت قاری حمیدالدین گھوٹوی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کا نام نکلا لہذا آپ نے چھوٹے صاحبزادے کو حضرت مولانا قاری رحیم بخش پانی پتی رحمۃ اللہ علیہ کی کلاس میں چھوڑ دیا اور بڑے کو سیدالقراء حضرت مولانا قاری محمد طاہر رحیمی ثم مدنی رحمۃ اللہ علیہ کی کلاس میں جامعہ قاسم العلوم نزد کچہری چوک ملتان میں بھیج دیا گیا ۔
اسی طرح قاسم الخیر حضرت مولانا خیر محمد جالندھری رحمۃ اللہ علیہ بھی اکثر وبیشتر بیانات کے سلسلے میں مدرسہ عربیہ گھوٹہ شریف میں تشریف لاتے تھے اور استاذالاساتذہ استاذالعلماء حضرت مولانا حافظ محمد رفیع الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ سے بھرپور اپنائیت کا اظہار کرتے تھے ۔
*اکابر دیوبند سے عقیدت و محبت:*
حضرت مولانا حافظ محمد رفیع الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ کی حیات پر نظر ڈالتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ اکابر دیوبند سے عشق و محبت اور عظمت و عقیدت کا بحر بے کراں موجزن ہے، جن سے محبت ہوتی ہے ان کی صفات سے اتصاف بھی ہوجاتا ہے،چنانچہ حضرت مولانا حافظ محمد رفیع الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ عجز و انکسار اور تواضع و بے نفسی میں شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی رحمۃ اللہ علیہ کا عکس نظر آتا تھا، اصول و ضوابط میں حکیم الامت مجدد الملت حضرت مولانا شاہ محمد اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ کا پرتو دکھائی دیتا تھا، حق پرستی اور جراءت وشجاعت میں شیخ الہند حضرت مولانا محمود حسن دیوبندی رحمۃ اللہ علیہ کا ظل محسوس ہوتا تھا ۔
*رسوخ فی العلم:*
انتہائی سادہ،عام فہم انداز میں علمی عقدوں کی گرہ کشائی فرمایا کرتے تھے، کمال یہ ہے کہ طوالت بالکل نہیں ہوتی تھی ۔
*قوت حافظہ:*
قوت حافظہ (قوت ذاکرہ) انتہائی مضبوط تھی ضعف و نقاہت کے باوجود یاداشت اور تیقظ میں ذرہ سی بھی کمی نہیں ہوئی ۔
مدرسہ عربیہ گھوٹہ شریف کی جامع مسجد میں بعداز نماز فجر درس قرآن دیا کرتے تھے،جس میں مدرسہ کے طلباء کے علاوہ محلے اور قرب و جوار کے لوگ اپنی تشنگی بجھانے کے لیے حضرت مولانا حافظ محمد رفیع الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ کے درس قرآن میں شریک ہوتے تھے،درس میں ایسا ترجمہ اور ایسے نکات بیان فرماتے تھے کہ حاضرین سمجھ بھی جاتے اور عش عش کر اٹھتے، باہر سے آنے والے حضرات سے
ملاقات کے وقت ان کے علاقہ جات کے ماضی کے حالات سناتے، لوگ آپ کے حافظے پر حیران ہوتے ۔
*اعتدال:*
کاملین کے اوصاف میں سے ایک وصف تواضع و انکسارہے، دوسرا وصف استغناء عن الخلق ہے دونوں کو جمع کرنا اور ان میں اعتدال قائم کرنا انتہائی مشکل کام ہے کیونکہ اول میں افراط بعض اوقات تملق چاپلوسی خوشامد تک پہنچا دیتا ہے، اور ثانی میں افراط بعض اوقات تکبر تک پہنچا دیتا ہے،لیکن حضرت مولانا حافظ محمد رفیع الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ کاملین میں سے تھے تملق و تکبر دونوں سے کوسوں دور،عجزوانکسار اور استغناء عن الخلق کا حسین امتزاج تھے ۔
*ذہانت:*
ذہانت میں حضرت مولانا حافظ محمد رفیع الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ ، *لایخدع ولا یخدع*، کا مصداق تھے، کامل دیندار ہونے کی وجہ سے کسی کو دھوکہ نہیں دیتے تھے اور کمال عقل کی وجہ سے کسی سے دھوکہ نہیں کھاتے تھے ۔
*غم کے موقع پر تسلی:*
مدرسہ کے کسی بھی طالب علم یا دیگر عملہ کے متعلقین میں سے یا اہل علاقہ میں سے کوئی بھی فوت ہو جاتا یا بیمار ہو جاتا تو آپ باقاعدہ اہتمام سے تعزیت اور بیمار پرسی کیا کرتے تھے ۔
*کوہ پیکر علمی شخصیت:*
الغرض استاذالاساتذہ استاذالعلماء و الحفاظ حضرت مولانا حافظ محمد رفیع الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ ایک کوہ پیکر علمی شخصیت تھے ،تحفیظ القرآن اور درس نظامی کے حوالے سے تمام علوم وفنون کی عظیم الشان اور ناقابل فراموش تدریسی خدمات کی وجہ سے مدتوں یاد کیے جاتے رہیں گے، *من صار بالعلم حیالم یمت ابدا،* جوشخص علم کی وجہ سے زندہ ہو جائے وہ آدمی زندہ و جاوید ہو جاتا ہے ۔
*حواشی:*
تحفیظ القرآن اور درس نظامی کی تدریسی خدمات و مصروفیات ومشغولیات کی وجہ سے آپ سے کوئی مستقل تصنیف تویادگار نہیں البتہ آپ نے حواشی تحریر فرمائے ہیں جن میں سے، *صرف گھوٹوی، اور مائہ عامل مع صحیح ترکیب گھوٹوی مکمل،* کے حواشی مشہور و معروف ہیں ۔
*اولاد:*
آپ نے دو نکاح کیے تھے، اللہ تعالیٰ نے پہلی زوجہ محترمہ سے آپ کو ایک بیٹا اور ایک بیٹی عطا فرمائی جبکہ دوسری زوجہ محترمہ سے تین بیٹے اور تین بیٹیاں پیدا ہوئیں،
ماشاءاللہ آپ کی چاروں صاحبزادیاں حافظات ہیں اور چاروں صاحبزادے بھی حافظ اور عالم ہیں،صاحبزادوں کے نام درج ذیل ہیں ۔
1۔۔۔۔۔پروفیسر حضرت مولانا حافظ محمد مغیث الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ (فاضل جامعہ دارالعلوم عیدگاہ کبیر والا ضلع خانیوال) *آپ نے جب دارالعلوم کبیر والا کی طرف سے وفاق المدارس العربیہ کا امتحان دیا تو ایک تو آپ نے تمام پرچے فصیح عربی میں حل کیے دوسرا آپ نےدورہ حدیث میں آل پاکستان میں اول پوزیشن حاصل کی،آپ کا یہ ریکارڈ وفاق المدارس العربیہ میں قائم ہے۔*
2۔۔۔۔۔حضرت مولانا حافظ محمد منیر الدین گھوٹوی صاحب دامت برکاتہ العالیہ (فاضل جامعہ قاسم العلوم ملتان)
3۔۔۔۔حسین الصوت حضرت مولانا قاری محمد مطیع الدین گھوٹوی صاحب دامت برکاتہم العالیہ (فاضل جامعہ قاسم العلوم ملتان، تلمیذ رشید سیدالقراء حضرت مولانا قاری محمد طاہر رحیمی ثم مدنی رحمۃ اللہ علیہ)
4۔۔۔۔ احسن الصوت حضرت مولانا قاری محمد حمید الدین گھوٹوی صاحب مدظلہ (شاگردِ خاص مجددالقراآت شیخ القراء حضرت مولانا قاری رحیم بخش پانی پتی رحمۃ اللہ علیہ)
*وفات حسرت آیات:*
ملتان کے تاریخی اور قدیمی علاقے بستی محمد پور گھوٹہ شریف میں سن 1324ھ مطابق سن 1906ع میں طلوع ہونے والا آفتابِ علم و عمل ایک صدی سے زائد تک باسیان ارض کو اپنی علمی،دینی،سماجی اور اصلاحی خدمات و انوارات سے منور کرکے اس گزر گاہ سے ہوتے ہوئے 20شوال المکرم سن 1434ھ مطابق 23 اگست سن 2014ع کو حق تعالیٰ کے جوار رحمت میں پہنچ گیا (*انا للہ وانا الیہ راجعون)* مگر اپنے عشاق و محبین،علماء و طلباء اور عوام الناس کو داغ مفارقت دے گیا،
کیونکہ امت مسلمہ ایک عظیم مشفق و مربی،ایک عظیم رہبرو رہنما،ایک عظیم فقیہ و مدرس،ایک عظیم مصلح و عالم کے سایہء عاطفت سے محروم ہو گئی، جو اپنے مابعد والوں کے لیے ایسی انمٹ یادیں چھوڑ کر چلے گئے کہ:

*مدتوں روتی رہیں گی بستیاں در بستیاں*
*روز کب پیدا ہوا کرتی ہیں ایسی ہستیاں*

مدرسہ عربیہ گھوٹہ شریف میں آپ کی نماز جنازہ ادا کی گئی،آپ کے صاحبزادے حضرت مولانا حافظ محمد منیر الدین گھوٹوی صاحب دامت برکاتہم العالیہ نے نماز جنازہ کی امامت فرمائی، جس میں ہزاروں حفاظ و علماء طلباء و صلحاء واتقیاء اور عوام الناس نے شرکت کی،بعدازاں آپ کے جسد خاکی کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ مدرسہ عربیہ گھوٹہ شریف کے قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا ۔

*چل دیے ہیں جہان فانی سے حضرت رفیع زماں*
*معتقد ان کا اک زمانہ تھا،معترف آج بھی ہیں پیرو جواں*
*تلامذہ کرام:*
1۔۔۔۔حضرت مولانا عبد الحمید رحمۃ اللہ علیہ (بانی جامعہ نعمانیہ اظہار العلوم شادن لنڈ ڈیرہ غازی خان)
2۔۔۔۔۔حضرت مولانا عبد اللطیف صاحب (مدرس جامعہ نعمانیہ اظہار العلوم شادن لنڈ ڈیرہ غازی خان)
3۔۔۔۔حضرت مولانا عبد العزیز ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ (بانی جامعہ قاسم القرآن،قاسم بیلہ ملتان)
4۔۔۔۔حضرت مولانا غلام محمد ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ (سابق مدرس جامعہ قاسم القرآن قاسم بیلہ ملتان)
5۔۔۔۔۔حضرت مولانا عبد الحمید صاحب احمدپور شرقیہ بہاولپور (داماد مناظر اسلام حضرت مولانا دوست محمد قریشی رحمۃ اللہ علیہ )
6۔۔۔۔حضرت مولانا قاری نذیر احمد گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ (بانی جامعہ جمال المدارس ملتان)
7۔۔۔ معروف ثناء خواں حضرت مولانا امام دین تبسم رحمۃ اللہ علیہ (سابق خطیب مکی مسجد ملتان)
8۔۔۔۔۔استاذالعلماء حضرت مولانا محمد یحییٰ انصاری صاحب (مدرس جامعہ خیرالمدارس ملتان)
9۔۔۔۔حضرت مولانا محمد عمر فاروق صاحب (بانی جامعہ رفیع الدرجات محمد پور گھوٹہ ملتان)
10۔۔۔۔حضرت مولانا قاری محمد یاسین تونسوی صاحب (بانی جامعہ امام ابو یوسف و ھوا تونسہ شریف)
11۔۔۔۔حضرت مولانا قاری محمد جلال الدین گھوٹوی صاحب (مدرس جامعہ خیرالمعارف شالیمار کالونی ملتان)
12۔۔۔۔۔ حضرت اقدس حافظ عبدالرزاق وسیر گھوٹوی صاحب (مبلغ تبلیغی جماعت )
13۔۔۔۔۔حضرت مولانا حافظ محمد اکبر قاسمی صاحب (بانی جامعہ اسلامیہ ویلفئیر قاسم بیلہ ملتان)
14۔۔۔۔حضرت مولانا حافظ محمد جمیل الدین گھوٹوی صاحب (مدرس مدرسہ عربیہ گھوٹہ شریف)
15۔۔۔ راقم الحروف محمد اشفاق وسیر گھوٹوی (فاضل جامعہ عمر بن خطاب ملتان ومدرس مدرسہ عربیہ شمسیہ فخرالمدارس احمد پور سیال ضلع جھنگ)
*معاون خاص:*
شہید فی العلم،حضرت مولانا قاری محمد عاصم سرگانہ شہید رحمۃ اللہ علیہ
==================

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں