بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
محمد اشفاق وسیر گھوٹوی بن محمد اقبال وسیر عرض گزار ہے کہ
جب میں سن شعور کو پہنچا اور ہوش سنبھالا تو اپنی داڑھی کے نیچے ایک پھوڑا دیکھا جسے سرائیکی زبان میں، *ہنجیراں* اور ڈاکٹر حضرات ٹی بی گلینڈ کہتے ہیں ۔
یہ پھوڑا نہ جانے کب اور کیسے ہوا؟ مجھے معلوم نہیں، بظاہر یہ پھوڑا لاعلاج نظر آتا تھا کیونکہ میرے دادا،دادی اور والدین نے نہ کوئی ڈاکٹر چھوڑا نہ کوئی حکیم اور نہ ہی کوئی پیر اور عامل،مگر بے سود،حتیٰ کہ نشتر ہسپتال ملتان اور سی ایم ایچ ملتان آرمی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ یہ ہمارے بس سے باہر ہے ۔
بالآخر گیارہ بارہ سال مصیبت جھیلنے کے بعد سن 1996ع میں اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کی برکت سے اس موذی اور مہلک مرض سے نجات عطا فرمائی( الحمد للّہ)
*چچا کے حفظ قرآن کا واقعہ بزبان دادی صاحبہ رحمۃ اللہ علیہا*
اسباب کے درجے میں ہوا یوں کہ ایک مرتبہ میری دادی صاحبہ رحمۃ اللہ علیہا نے میرے چچا حافظ عبد الرزاق وسیر صاحب (مبلغ تبلیغی جماعت) کے حافظ بننے کا واقعہ اس طرح بیان کیا کہ تمھارے چچا کی عمر تقریباً تین، چار سال کی تھی کہ ہمارے علاقے میں کوئی فوتگی ہوئی، میت کو نہلا کر کفن دفن کا انتظام کیا گیا، ادھر تمھارا چچا بچہ تو تھا ہی بس کھیلتے کھیلتے میت کو نہلا نے والے تختے پر جاکر بیٹھ گیا،اس پر گیلے کپڑے پڑے ہوئے تھے ان سے کھیلنے لگا، ادھر عورتوں نے آواز لگائی کہ یہ کس عورت کا بچہ ہے؟ میں بھاگ کر آئی دیکھا تو میرا بیٹا تھا، میں نے اسے اٹھا کر سینے سے لگایا اور گھر لے گئی، بس یہ بہانہ بنا اس کی بیماری کا،گھر آ کر اس کو اتنا تیز بخار ہوا کہ اترنے کا نام نہیں لیا، پھر بخار بڑھتے بڑھتے چیچک کا مرض ہوگیا،جس کی وجہ سے اس کے جسم کی کھال تک اترگئی، اس مرض میں یہ قریب المرگ ہوگیا، میں آٹھ مہینے اس کو کمرے میں لے کر بیٹھی رہی ، اس مدت میں نہ میں نے سورج نکلتے دیکھا نہ غروب ہوتے دیکھا اور نہ ہی مجھے آرام کرنے کا موقع ملا، لوگ اس کی موت کا انتظار کر رہے تھے اور میں اس کے لیے صحت و عافیت والی طویل زندگی کی بارگاہِ خداوندی میں آہ و بکاء کے ساتھ،گڑگڑا کر دست بستہ بھیک مانگ رہی تھی اور بار بار عرض گزار تھی کہ اے موت و حیات کے خالق اللہ اس کو میری زندگی بھی لگا دے،
دادی صاحبہ رحمۃ اللہ علیہا کہتی تھیں کہ اس دوران اللہ تعالیٰ نے ہمارے دل میں یہ بات ڈالی کہ میں اور تمھارے داداجی رحمۃ اللہ علیہ نے بیک زبان ہو کر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں رواں آنسوؤں کے ساتھ یہ منت اور نذر مانی کہ *یا اللہ ہمارے لخت جگر کو صحت و عافیت عطا فرما،انشاء اللہ ہم اس کو قرآن مجید کا حافظ بنائیں گے*
اللہ تعالیٰ کی رحمت متوجہ ہوئی،اس کو صحت ملی،پھر بعد میں ہم نے بھی اپنی نذر پوری کرنے کے لیے اس کو استاذالاساتذہ،استاذالعلماء و الحفاظ حضرت مولانا حافظ محمد رفیع الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت میں دے دیا، ایک وقت آیا کہ یہ حافظ بن گیا، یوں ہم اپنی نذر سے سبکدوش بھی ہوگئے اور ہمیں حافظ قرآن کے والدین ہونے کا شرف بھی حاصل ہو گیا ۔ *الحمد للّہ علی ذالک* ۔
*میرے حفظ قرآن کا واقعہ* : مجھے ہنجیراں جیسا موذی مرض تو تھا ہی جب میں نے اپنی دادی صاحبہ رحمۃ اللہ علیہا کی زبانی مذکورہ بالا واقعہ سنا تو میں نے دل میں سوچا کہ کہ جب میرے چچا کو حفظ قرآن کی نذر ماننے سے شفاء مل سکتی ہے تو مجھے کیوں نہیں مل سکتی، بس اسی دن سے میں نے دل ہی دل میں بغیر کسی کے کہے ازخود یہ نذر مانی کہ *یااللہ مجھے بھی اس مرض سے نجات عطا فرما، انشاء اللہ تعالیٰ میں بھی قرآن مجید حفظ کروں گا،* ہرنماز کے بعد میں یہ دعاء کافی عرصے تک مانگتا رہا لیکن قبولیت کے آثار ندارد،
اللہ تعالیٰ نے میرے دل میں یہ بات ڈالی کہ اس طرح صرف دعاء کرنے سے افاقہ ہو یا نہ ہو ایسے کرتا ہوں کہ حفظ قرآن کی ابتداء کرلیتا ہوں ہو سکتا ہے کہ اس ابتداء کی برکت سے اللہ تعالیٰ شفاء عطا فرما دے ،
میں سکول میں پرائمری جماعت پاس کر چکا تھا گھر والوں کی خواہش تھی کہ میں آگے چھٹی جماعت میں داخلہ لےلوں لیکن میں نے کہا کہ میں قرآن پاک حفظ کروں گا،الحمد للّہ سب نے حوصلہ افزائی کی،لہذا میں نے استاذالعلماء و الحفاظ حضرت مولانا حافظ محمد رفیع الدین گھوٹوی رحمۃ اللہ علیہ کے صاحبزادے حضرت مولانا قاری محمد مطیع الدین گھوٹوی صاحب دامت برکاتہم العالیہ (تلمیذ رشید سیدالقراء حضرت مولانا قاری محمد طاہر رحیمی ثم مدنی رحمۃ اللہ علیہ)کی خدمت میں حاضر ہوکر حفظ قرآن کا آغاز کردیا ،
جوں ہی میں نے حفظ قرآن کی ابتداء کی ادھر اس موذی مرض سے نجات کے آثار بھی ظاہر ہونے لگے وہ اس طرح کہ میرے سر کے بائیں جانب ایک چھوٹی سی گلٹی نمودار ہوئی، ابتداءمیں وہ نرم تھی اور درد بھی نہیں ہوتا تھا،پھر وہ بڑھتے بڑھتے تقریباً سیب کے برابر ہوگئی اور درد بھی ہونے لگا ،
سن 1996ع کے اوائل میں میرے ساڑھے تین پارے ہوچکے تھے کہ حالت خراب ہوگئی جس کی وجہ سے تقریباً تین،چار مہینے مدرسے کو چھوڑ کر حکیم کے پاس میرے دادا محترم ملک واحد بخش وسیر رحمۃ اللہ علیہ نے علاج شروع کرادیا، چند دن بعد وہ گلٹی پھٹ گئی،فاسد مواد خارج ہو کر سکون مل گیا، رفتہ رفتہ وہ سر والا زخم بھی اور داڑھی کے نیچے والا بھی جو بارہ تیرہ سال سے تھا دونوں مندمل ہوگئے، اس طرح حفظ قرآن کی ابتداء کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے مجھے ہنجیراں جیسی موذی اور مہلک بیماری سے نجات عطا فرمائی (الحمد للّہ علی ذالک)
لہذا اب تو میں نے تکمیل قرآن کو اپنے اوپر فرض کرلیا ،خواہ کچھ بھی ہو اب میں قرآن مجید مکمل کروں گا (انشاء اللہ تعالیٰ)
لہذا پھر میں حفظ قرآن کی تکمیل میں لگ گیا ،
بالآخر اللہ تعالیٰ نے مجھے وہ دن دکھایا جس کا مجھے بڑی شدت سے انتظار تھا،
*بارک اللہ مدتوں کے بعد آئی وہ گھڑی* ،
*جس کے نظارہ کو، وا، تھی اپنی چشم انتظار*،
24رجب المرجب1418ھ مطابق 25 نومبر سن 1997ع بروز منگل کو تقریبآ دو سال کے قلیل عرصے میں اللہ تعالیٰ نے مجھے حفظ قرآن جیسی دونوں جہانوں کی حقیقی دولت سے مالا مال فرمایا *(الحمد للّہ رب العالمین علی ذالک)*
*یہ عطا ہے خدائے کریم کی* ،
*دولت جو دی ہے قرآن عظیم کی* ،
اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن مجید پڑھنے سمجھنے اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین ثم آمین بجاہ النبی الکریم صلی اللہ علیہ وسلم ۔
*بفرمائش: حضرت مولانا قاری محمد عاصم سرگانہ شہید رحمۃ اللہ علیہ* ۔۔۔