بارش تھمتے ہی جیسے آسمان کا چہرہ نکھر گیا۔ چہچہاتے پرندے اپنی اپنی بولی میں اللہ کی محبت کے ترانے گانے لگے۔ اسی دوران میری نظر ایک درخت کی شاخ پر بیٹھے خوب صورت پرندے پر پڑی۔ وہ کبھی ایک شاخ پر پھدکتا، کبھی دوسری پر جا بیٹھتا اور اپنی میٹھی بولی میں چہچہاتا۔ سب پرندوں کے درمیان وہ ایک تنہا پرندہ تھا، مگر اس کی تنہائی میں بھی ایک عجیب سی خوشی تھی۔
اسے دیکھ کر دل میں خیال آیا کہ جب دل اللہ کی محبت سے آباد ہو تو انسان تنہائی میں بھی خوش رہ سکتا ہے۔ اسے ہر وقت کسی کی رفاقت کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، کیونکہ وہ جانتا ہے کہ دنیا کی تمام محبتیں عارضی ہیں، مگر اللہ کی محبت سچی، دائمی اور لافانی ہے۔
اس لیے اپنی تنہائی کو کبھی ویران نہ ہونے دیں، اسے اللہ کے ذکر سے آباد رکھیں۔ یہی اذکار ایک دن اللہ سے ملاقات کے وقت آپ کے لیے خوشی اور سرور کا باعث بنیں گے۔
اللہ کا ذکر دنیا میں آپ کے راستوں کو روشن کرے گا، آپ کی زندگی کے سفر کو خوشبو سے بھر دے گا اور اس کی مہک آپ کے کردار سے دوسروں تک بھی پہنچے گی۔ یوں امید ہے کہ دنیا کا یہ سفر آخرت میں اللہ کی رضا اور خوشنودی پر جا کر مکمل ہوگا۔