Muhammad Ashfaq Wasir Ghootvi 0

انگریز دور میں وسیر برادری پر بیتے ظلم کی داستان/تحریر/ محمد اشفاق وسیر گھوٹوی ملتان

متحدہ ہندوستان میں انگریز کی آمد جہاں اسلام اور اہل اسلام کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئی وہاں وسیر قوم کے لیے بھی ضرر رساں بنی ،
انگریز نے آتے ہی ہندوستان پر اپنے شیطانی پنجے گاڑنے کے لیے تگ و دو شروع کر دی ۔ہندوستان میں آباد اثر و رسوخ والے،قوت و طاقت کے مالک افراد و اقوام اور جاگیر دار و رئیس لوگوں کو حکمرانی کی غرض سے اپنے ساتھ ملانے اور اعتماد میں لینے کی کوشش کی،
پاکپتن برانچ نہر کے ساتھ چک نمبر 79ماڑی وسیراں ضلع وہاڑی میں آباد وسیر برادری چونکہ زمیندار، جاگیر دار اور مال و زر کے اعتبار سے رئیس ہونے کے ساتھ ساتھ بہادر، دلیر، نڈر، بے باک، جراءت مند، غیرت مند اور جنگجو قوم تھی،
وسیر برادری کے ایک گھرانے میں چھ (6) بھائی اور ایک بہن رہائش پذیر تھے،ان میں سے ایک بھائی پنچایتی فیصلے بھی کرتے تھے،
انگریز کے اہلکار اپنے مقصد برآری کے لیے ان چھ میں سے بڑے بھائی کے پاس آئے اور کہا کہ آپ اپنی برادری اور رعایا جس میں دوسری قومیں بھی تھیں ان کو حکم دیں کہ وہ اپنے جوان ہماری فوج میں بھرتی کرائیں،
اس وقت بہاولپور ایک ریاست تھی جس کی حدود کرم پور تک پھیلی ہوئی تھی اور نوابوں کے زیر تصرف تھی جو مسلمان تھے،
وسیر برادری کے وڈیرے نے جواباً علی الاعلان کہا کہ ہم مسلمان ہیں اور ریاست بہاولپور ہمیں قریب بھی لگتی ہے جس کے والی مسلمان بھی ہیں،لہذا ہم بحیثیت مسلمان اس ریاست کے نوابوں کا ساتھ دیں گے، تمھاری فوج میں ہم اپنے جوان قطعاً بھرتی نہیں کریں گے،
اس پر انگریز سیخ پا تو ہوا لیکن ساتھ ہی ایک دوسری پیشکش کر ڈالی کہ یا پھر ہمارے ساتھ رشتہ داری قائم کرتے ہوئے اپنی بہن کا رشتہ ہمیں دے دو، اس پر وڈیرے نے کہا کہ ہم تمھاری پیشکش قبول کرنے کے لیے بھی تیار ہیں بشرطیکہ تم مسلمان ہو جاؤ، انگریز نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا، وڈیرے نے کہا کہ پھر رشتہ بھی نہیں ہو سکتا،
وڈیرے کی بہن اندر سے یہ مکالمہ سن رہی تھی،اس نے یہ سوچ کر کہ کہیں انگریزمیری عزت و ناموس کی طرف اپنے ناپاک ہاتھ نہ بڑھالے، اس نے اپنے پیٹ میں چھرا گھونپ کر اپنے آپ کو سپردِ خدا کردیا،
جب وڈیرے نے انگریز کی دونوں پیشکشوں کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہوئے رد کردیا تو اس کی پاداش میں انگریز نے وسیر برادری کے اس وڈیرے کو شہید کردیا (انا للہ وانا الیہ راجعون)
وڈیرے کے صاحبزادے کو جب اس حادثے کا علم ہوا تو تو اس نے ایک مسلمان آدمی سے کہا جو وڈیرے کی شہادت کے وقت موجود تھا کہ کیا تم میرے باپ کے قاتل کو پہچانتے ہو؟
اس نے کہا جی بالکل!تو صاحبزادے نے کہا کہ تم ہماری گھوڑیوں میں سے ایک گھوڑی کو منتخب کرکے اس پر سوار ہو کر میرے ساتھ چلو اور قاتل کی نشان دہی کرو(اس وقت وسیر برادری کے پاس اونٹ اور گھوڑے کثیر تعداد میں تھے اور اکثر و بیشتر سواری بھی انہی پہ ہوتی تھی)وہ مسلمان ایک گھوڑی پر سوار ہوا اور صاحبزادے کے ساتھ چل پڑا، جب انگریز کے ٹھکانے پر پہنچے تو وہاں پر چند آدمی کھڑے ہوئے گپ شپ میں مصروف تھے،ادھر گھوڑی پر سوار مسلمان آدمی نے صاحبزادے کو اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلاں آدمی تمھارے باپ کا قاتل ہے،ادھر انگریزوں کے مابین بھی یہی بات موضوع بحث بنی ہوئی تھی،پوچھنے والے نے پوچھا کہ تم نے وڈیرے کو کیسے قتل کیا؟تو قاتل نے گردن پر ہاتھ سے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایسے قتل کیا، صاحبزادے نے اپنے باپ کے قاتل کو دیکھ بھی لیا،پہچان بھی لیااور اپنے کانوں سے سن بھی لیا،لہذا صاحبزادے نے ایک ہی وار سے اپنے باپ کے قاتل کا سر تن سے جدا کرکے اسے جہنم رسید کر دیا،پھر وہ صاحبزادہ تیز رفتار گھوڑی کو دوڑاتے ہوئے اور انگریز سے بچ بچا کر ریاست بہاولپور میں جاکر نوابوں کی پناہ میں چلا گیا،
جب انگریز نے نواب صاحب سے وڈیرے کے صاحبزادے کا مطالبہ کیا تو نواب صاحب نے صاحبزادے کو پیش کرنے کی بجائے اس کی شکل و شباہت سے ملتے جلتے دس آدمی اور پیش کیے اور کہا کہ ان میں سے اپنا دشمن تلاش کر لو،تو انگریز نے ایک مسلمان آدمی سے کہا جو ان کا وفادار تھا کہ ان میں سے ہمارے مطلوب شخص کی شناخت کرو! تو مسلمان نے دیکھ کر کہا کہ آپ کا مطلوب ان میں سے کوئی بھی نہیں ہے ۔
اب انگریز کا غیظ و غضب آپے سے باہر ہو گیا اور اس نے وسیر برادری کے لیے بطورِ سزا آرڈر جاری کیا کہ ان میں سے کسی کو بھی زندہ نہ چھوڑا جائے، ان کو چن چن کر عبرت ناک سزا دی جائے، اور ان کی جائیداد و املاک ہمارے وفاداروں کو دے دی جائیں ۔
وسیر برادری کے افراد نے اپنی جان اور ایمان بچانے کی خاطر ہجرت کو ترجیح دی ۔ اس طرح وسیر برادری کے افراد مختلف علاقہ جات میں بکھر گئے اور منتشر ہوگئے ۔
کثیر تعداد پر مشتمل اور بھر پور طور پر آباد وسیر برادری کی سات (7) خوشحال بستیاں انگریز نے خالی کراکر وہاں دیگر اقوام کو آباد کر دیا، ان کے علاوہ جہاں کہیں بھی وسیر برادری کے کوئی گھر تھےتو ان کو بھی خالی کرادیا گیا ۔
ایسی افراتفری مچی کہ خاندان کے خاندان ایک دوسرے سے بچھڑ گئے ،کہیں والدین اولاد سے بچھڑے تو کہیں بہن بھائی اور میاں بیوی ایک دوسرے سے جدا ہو گئے اور کہیں مرد حضرات روپوش ہوئے تو کہیں خواتین مستور ہوگئیں، غرضیکہ کسی کا کوئی علم نہیں کہ کون کہاں چلا گیا اور کون کہاں رہ گیا ۔
اسی بھگدڑ کے نتیجے میں تقریباً دس (10) افراد ضلع ملتان کی تاریخی اور قدیمی بستی محمد پور گھوٹہ میں اتفاقا اکٹھے ہو گئے (1)مسلم علی عرف رستم وسیر (2)خواجہ وسیر (3)کالا وسیر (4)برخوردار وسیر (5)مانڑھیں وسیر (6)رتا وسیر (7) عیسیٰ وسیر (8) محمد نواز عرف چھتہ وسیر (9)کوڑا وسیر (10) محمد علی وسیر
جس طرح کراچی میں بندرگاہ ہے اسی طرح زمانہء ماضی میں محمد پور گھوٹہ کے نواح میں واقع موضع لنگڑیال کی بستی ہمروٹ(متصل دریائے چناب) میں بھی بندر گاہ تھی ۔ کاروبار کے سلسلے میں یہاں مختلف لوگوں کی آمد و رفت رہتی تھی یہاں ٹرین بھی چلتی تھی جس پر لکڑی کی گیلیاں لوڈ ہوتی تھیں ۔
وسیر برادری کے مذکورہ بالا دس افراد رئیس زادے ہونے کے باوجود گزر اوقات کے لیے مزدوری کے سلسلے میں یہاں آئے اور یہیں آباد ہو گئے ۔یہ حضرات پلے داری کا کام کرتے تھے یعنی گیلیاں وغیرہ لادتے اور اتارتے تھے ۔
ممکن ہے کہ یہ حضرات شادی شدہ اور بال بچوں والے ہوں لیکن یہاں تو اکیلے ہی آئے تھے اور انگریز کے خوف و دہشت کی وجہ سے واپس بھی نہیں جا سکتے تھے ۔ اس لیے انھوں نے یہاں مختلف برادریوں میں شادیاں کرکے ایک نئی زندگی کا آغاز کیا ۔
ان میں سے مانڑھیں وسیر تو واپس چلے گئے تھے جن کے بارے میں کوئی معلومات نہیں خواجہ وسیر کی اولاد جیل موڑ ملتان میں آباد ہے اور باقی حضرات کی اولاد یہاں محمد پور گھوٹہ اور قاسم بیلہ میں آباد ہے ۔
ان میں سے ہمارے جد اعلیٰ کا نام نامی اسمِ گرامی مسلم علی عرف رستم وسیر ہے جو ماڑی وسیراں ضلع وہاڑی سے ہجرت کرکے ضلع ملتان کے علاقہ محمد پور گھوٹہ میں آکر آباد ہوئے، آپ اپنے وقت کے رستم زماں پہلوان شمار ہوتے تھے یہاں آکر ایک نئی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے آپ کھوکھر برادری کی ایک خاتون سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے جن کے بطن سے آپ کے دو (2) صاحبزادے (1)جان محمد وسیر (2)امید علی وسیر اور ایک صاحبزادی (ہاتن مائی)متولد ہوئے ۔ ابھی آپ کے بچے عہد طفولیت میں ہی تھے کہ کہ اجل موعود کا وقت آپہنچا اور آپ اوائل جوانی میں ہی دارالفناء سے دارالبقاء کی جانب رحلت کرکے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے (ان للہ ما اخذ ولہ ما اعطی وکل شیء عندہ باجل مسمی) آپ کا مدفن کوڑوپیر قبرستان متصل ایوی ایشن نزد قاسم بیلہ ملتان میں ہے ۔
اب یہ آرمی کی تحویل میں آنے کی وجہ سے آرمی قبرستان کہلاتا ہے اور دی سلطان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہے، اس قبرستان کا موجودہ احاطہ آٹے میں نمک کے برابر ہے جبکہ اس کا اکثر حصہ ایوی ایشن کی تعمیر کی نذر ہوچکا ہے ۔
مسلم علی عرف رستم وسیر کے علاوہ ہمارے باقی آباؤاجداد کی قبور ہمارے آبائی قبرستان پاک شہیداں محمد پور گھوٹہ میں واقع ہیں ۔
مسلم علی عرف رستم وسیر کی وفات کے بعد آپ کی زوجہ نے اپنی برادری میں فتح محمد کھوکھر سے شادی کی یہاں سے آپ کی سابقہ زوجہ کے بطن سے صرف تین(3) بیٹے پیدا ہوئے (1)الہی بخش (2)اللہ بخش (3)نامعلوم الاسم۔
محمد پور گھوٹہ میں آباد کھوکھر برادری انہی تین کی اولاد ہیں ۔
(بروایت : سرفراز وسیر)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں