ای کامرس اور چند ضروری باتیں/تحریر/عثمان یاسین
ای کامرس میں آنے والے نئے احباب اگر چند بنیادی اصولوں کو اپنا لیں تو یقین جانیے، دنوں میں نہیں تو چند مہینوں میں ہی وہ اس فیلڈ میں پہچانے جانے لگیں گے۔ یہ وہ اصول ہیں جو میں نے تجربے اور مشاہدے سے سیکھے ہیں، اور اگر آپ نے اِنہیں سمجھ لیا تو سفر بہت آسان ہو جائے گا۔
1: چیزوں کی کھچڑی نہ بنائیں
عنوان تھوڑا عجیب لگ رہا ہوگا، مگر حقیقت یہی ہے۔ جب کوئی نیا بندہ آن لائن دنیا میں قدم رکھتا ہے تو وہ ہر طرف کامیابیوں کی چمک دیکھ کر بھاگنے لگتا ہے۔
کہیں کوئی شہد بیچ رہا ہوتا ہے، تو وہ سوچتا ہے “یار یہ تو بڑا نفع دے رہا ہے”، فوراً اس کا ری سیلر بن جاتا ہے۔
چند دن بعد دیکھتا ہے کہ کوئی دوسرا بندہ اسیسریز بیچ کر پیسے کما رہا ہے، تو وہ بھی ساتھ یہ کام شروع کر دیتا ہے۔
اور پھر ہوتا کیا ہے؟
لوگ کنفیوز ہو جاتے ہیں کہ آپ کا اصل برانڈ ہے کس چیز کا؟ آپ کا آئیڈینٹیٹی پوائنٹ آخر ہے کہاں؟
نتیجہ وہی نکلتا ہے
نہ خدا ملا نہ وصالِ صنم،
نہ اِدھر کے رہے نہ اُدھر کے۔
ای کامرس میں کامیابی ہمیشہ فوکس رکھنے والوں کے قدم چومتی ہے۔ یاد رکھیں، ایک پروڈکٹ لائن پر محنت کریں، اُس کو ماسٹر کریں، اور اسی میں ہی اپنا نام بنائیں۔
2: مستقل مزاجی
میں نے اپنی آنکھوں سے بڑے باصلاحیت نوجوانوں کو صرف اس لیے ناکام ہوتے دیکھا ہے کہ وہ مستقل مزاج نہیں رہ سکے۔
ہمارے معاشرے نے نوجوان نسل کو “شارٹ کٹ” کا عادی بنا دیا ہے۔ اگر ایک دو مہینے میں کام نہ چلا تو فوراً کہتے ہیں “یہ فیلڈ میرے بس کی نہیں”۔
بھئی یہ دنیا اتنی آسان نہیں۔ بڑے برینڈز نے سالوں کی محنت کے بعد اپنی جگہ بنائی ہے۔
چیزّی ایس فوڈز کی مثال لے لیں، آج وہ پاکستان کا معروف فوڈ برینڈ ہے، مگر اس مقام تک پہنچنے کے لیے دس سال کی دن رات محنت لگی ہے۔
اور ہم چاہتے ہیں کہ دو ہفتوں میں ہی زیرو سے ہیرو بن جائیں۔
3: سینئر اور جونیئر
اس فیلڈ میں ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں، سیکھنے والا کبھی ہارتا نہیں۔
ایک مینٹور کا ہاتھ پکڑ لیں، اس سے سیکھتے رہیں، اور ساتھ ہی، اپنے سے کسی جونیئر کا ہاتھ پکڑ لیں، اُسے وہ سکھائیں جو آپ جانتے ہیں۔
یہی تسلسل، یہی “سیکھنے اور سکھانے” کا رشتہ وہ برکت ہے جو آپ کو کامیابی کے اس مقام تک لے جائے گا جہاں آپ جانا چاہتے ہیں۔