0

شادی کی رسومات اسلامی تعلیمات اور ثقافتی اثرات/تحریر/ام عبد الرحمٰن

شادی کی رسومات: اسلامی تعلیمات اور ثقافتی اثرات
تحریر/ ام عبدالرحمن

شادی ایک بابرکت بندھن ہے، جو نہ صرف دو افراد کو جوڑتا ہے بلکہ خاندانوں اور پورے معاشرتی نظام کی بنیاد کو بھی مستحکم کرتا ہے۔ دنیا کی ہر قوم اور ثقافت میں شادی کی تقریبات کو خاص اہمیت حاصل ہے، اور ان میں شامل رسومات کو روحانی، جذباتی اور تہذیبی پہلو سے دیکھا جاتا ہے۔ خوشی، برکت، اور خاندانی وحدت کے اظہار کے لیے یہ رسومات ایک موقع فراہم کرتی ہیں۔ لیکن ایک مسلمان کے لیے یہ سوال نہایت اہم ہے کہ کیا ہم ان رسومات کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں رہ کر ادا کرتے ہیں یا بے سوچے سمجھے ان رسم و رواج کو اپناتے جا رہے ہیں؟

اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو زندگی کے ہر شعبے میں ہدایت فراہم کرتا ہے، اور شادی جیسے اہم موقع کے متعلق بھی قرآن و حدیث میں واضح اور جامع اصول موجود ہیں۔ اسلام میں نکاح، سنتِ نبوی اور تکمیلِ ایمان کا ذریعہ ہے، اور ولیمہ اس سنت کا ایک مسنون پہلو ہے۔ اسلام کسی فطری جذبے کو دبانے کا حکم نہیں دیتا، بلکہ اسے پاکیزہ اور متوازن شکل دیتا ہے۔ اسلام کہتا ہے: خوشی مناؤ، لیکن حدودِ شریعت و سنت میں۔ اظہارِ مسرت کرو، لیکن دین کی روشنی میں۔ رنگ ہو، لیکن وہ دین کے اصولوں سے ہم آہنگ ہو۔

اسلام ہمیں اجازت دیتا ہے کہ ہماری خوشیاں باہمی محبت، خلوص اور خاندانی میل جول کا ذریعہ بنیں۔ اسی تصور کے تحت ہم شادی کی اکثر رسومات کو صرف خوشی کے اظہار یا “فیملی ٹائم” کے طور پر سمجھ کر کرتے ہیں اور بظاہر یہ بات بے ضرر بھی محسوس ہوتی ہے۔

مایوں، ابٹن، پیلا جوڑا، اور دیگر مخصوص رسومات شادی کی خوبصورتی میں رنگ بھرتی ہیں، لیکن کیا ہم نے کبھی غور کیا کہ ان رسومات کی اصل بنیاد کیا ہے؟ اگرچہ ہم میں سے بہت سے افراد ان رسومات کو محض تفریح یا روایت سمجھ کر اپناتے ہیں، لیکن کیا ممکن نہیں کہ لاشعوری طور پر ہم ایسے نظریات کو بڑھاوا دے رہے ہوں جو دین کی اصل روح سے متصادم ہیں؟ کیا جانے انجانے میں ہم کہیں اپنے دین کی اصل شناخت کو دھندلا تو نہیں کر رہے؟ مغرب یا مشرق کی اندھی تقلید نہ صرف ہماری دینی شناخت کو مٹاتی ہے بلکہ نسلِ نو کو بھی شریعت سے دور لے جاتی ہے۔ ایک حدیث کے مطابق: “جو شخص کسی قوم کی مشابہت اختیار کرتا ہے، وہ ان میں سے ہے۔” (ابو داؤد، حدیث نمبر 4031)

حقیقت یہ ہے کہ مایوں اور ابٹن جیسی رسمیں ہندو ثقافت سے آئی ہیں، جہاں پیلا رنگ خوشی، ابٹن بدن کی تطہیر، اور یہ تمام اعمال روحانی اثرات سے جوڑے جاتے ہیں۔ اسلام میں خوشی کسی رنگ، رسم یا علامت سے مشروط نہیں؛ خوشی کا اصل ماخذ اللہ کی رضا اور سنت کی پیروی ہے۔

اسلام میں شادی کی رسومات سادگی اور اعتدال پر مبنی ہیں۔ اس میں اسراف اور فضول خرچی کی کوئی گنجائش نہیں۔ مگر افسوس کہ آج کل زیادہ تر ہمارے معاشرے میں شادی کی رسومات دنیاوی نمود و نمائش، اسراف اور فضول خرچی پر مبنی ہوتی ہیں، جو نہ صرف مالی بوجھ کا باعث بنتی ہیں بلکہ معاشرتی تناؤ اور غیر ضروری اخراجات کو بھی جنم دیتی ہیں، جو اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “سب سے زیادہ بابرکت نکاح وہ ہے جس میں کم سے کم خرچ کیا جائے۔”
اگر مایوں کی رسم کو ہی لیا جائے اور اپنے دامن کو پاک تصور کر لیا جائے کہ ہم غلط عقائد کے تحت یہ رسم نہیں کرتے ہیں، تو پھر ذرا دل پر ہاتھ رکھ کر بتائے کہ کیا یہ مالی بوجھ اور معاشرتی دباؤ کا سبب بھی نہیں ہے؟ لباس، بینڈ، ہال، مہندی، ڈانس، سوشل میڈیا پوسٹس وغیرہ، کیا یہ سب واقعی خوشی کے اظہار کے لیے ہیں یا غیر مرئی دباؤ کا حصہ بن چکے ہیں؟ ہم اکثر ایک دن کی چمک کے لیے مہینوں کی جمع پونجی خرچ کر دیتے ہیں، لیکن کیا یہ واقعی خوشی ہے؟ یا یہ صرف سماجی توقعات کے تحت ہمارا فرض بن چکا ہے؟

یہاں مقصد بحث برائے بحث یا کسی کی دل آزاری نہیں بلکہ شعور اجاگر کرنا ہے جو مسلم گھرانے اور معاشرے کی پہچان ہے۔ اسلام ہر قوم کو اپنی ثقافت کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی دیتا ہے، لیکن اگر کوئی رسم اسلامی اصولوں سے متصادم ہو تو اسے ترک کرنا چاہیے۔ آج کے دور میں، جہاں رسم و رواج اور مغربی اثرات کی بھرمار ہے، اسلامی طرزِ زندگی پر قائم رہنا ایک خاموش مگر عظیم جہاد ہے۔ جہاد کا مفہوم صرف دشمن کے خلاف لڑائی تک محدود نہیں بلکہ اپنی ذات، معاشرت، اور ثقافت کی حفاظت کے لیے بھی ضروری ہے۔

محبت اور عقیدت کے ساتھ دین کی پاسداری کرنا دشمن کے مقابلے میں کہیں زیادہ کٹھن اور اہم ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “مَنْ تَمَسَّکَ بِسُنَّتِی عِنْدَ فَسَادِ اُمَّتِی فَلَہُ اَجْرُ مِائَۃِ شَہِیْدٍ” — جو شخص میری سنت کو میری امت کے بگڑنے کے وقت مضبوطی سے پکڑے گا، اسے سو شہیدوں کا ثواب ملے گا۔

خلاصہ یہ ہے کہ ایک مسلمان کے لیے خوشی حلال ہے، مگر بے حیائی نہیں۔ تقریبات جائز ہیں، مگر اسراف نہیں۔ ثقافت خوبصورت ہو سکتی ہے، مگر دین سے بڑی نہیں۔ اب فیصلہ ہمارا ہے کہ شادی کو عبادت بنائیں یا تفریح؟ بچوں کو دین کا لباس پہنائیں یا تقلید کا؟ ایمان والا دل جانتا ہے کہ اللہ کی رضا میں وہ مزہ ہے، جو دنیا کی تمام رسومات میں نہیں۔ لہذا کوشش کریں
* ولیمہ میں حد سے زیادہ خرچ نہ کریں۔
* لباس اور ہال میں سادگی اختیار کریں۔
* غیر ضروری رسومات کی تقلید سے بچیں۔
* خوشی کا اظہار خاندان اور محبت کے ساتھ کریں، دکھاوے کے بغیر۔


خوشی کا سفر — سادگی کے ساتھ

ہم کیوں کریں وہ جو اوروں نے کیا؟
جب دین نے، خود ہمیں رستہ دیا

نکاح ہے سنت، عبادت کی شان
خوشی کا سفر، اور سکون کا پیام

خوشی مناؤ، یہ دین سکھائے
سادگی ہو، اور سنت نظر آئے

سنت کی چمک ہو، شریعت کا نور
نہ ہو دکھاوا، نہ فخر کا فتور

ناچ، گانے، سوشل میڈیا کا شور،
کیا یہی ہے اصل پہچان کا طور؟

ہر سو ہے نمائش، نہ انداز سادہ
بہانے خوشی کے، مگر بوجھ کا وعدہ

بس اک دن کی رونق، مہینوں کا قرض
یہ کیسی خوشی؟ یہ بوجھ کا مرض


یہ رسمیں، یہ انداز، ہیں فتنے کے پردے
کھلتی ہے حقیقت، جب ہوں دین کے رستے

اسلام بتلائے فتنہ سے بچنا
اپنی ثقافت کو دین سے پرکھنا

نہ ہو اسراف، نہ جھوٹی نمائش
خلوص ہو دل میں، اور سچی خواہش

رسم و رواج ہوں، سادگی بھی رہے
نہ ہو بات کوئی، جو دین سے بڑھے

ہر نکاح بنے، روشنی کا پیام
سنت ہو اساس، یہی ہے اسلام

چلو عام کریں، یہ شعورِ خاص
پھیلائیں دین، اخلاص کے ساتھ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں