مع السلامہ کے زیر اہتمام تیسری سالانہ حج ایگزیبیشن اسلام آباد/رپورٹ/حفیظ چودھریتیسری پاکستان حج و عمرہ نمائش 2025 کی اختتامی تقریب پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر، اسلام آباد میں منعقد
اسلام آباد (26 اکتوبر 2025ء) – تیسری پاکستان حج و عمرہ ایگزیبیشن 2025 کی پُروقار اختتامی تقریب آج پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر، اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جو سہ روزہ ایگزیبیشن کے کامیاب انعقاد کا شاندار اختتام تھا۔ تقریب میں حکومتی و نجی اداروں کے نمائندگان، مذہبی و کاروباری شخصیات، میڈیا کے نمائندے اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی سینیٹر محمد طلحہ محمود، سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حج و عمرہ خدمات کے فروغ اور انڈسٹری کی منظم ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ اس نوعیت کی نمائشیں نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط کرتی ہیں بلکہ ملکی معیشت اور برآمدات میں بھی مثبت کردار ادا کرتی ہیں۔
مفتی ڈاکٹر زبیر اشرف عثمانی، چیئرمین شریعہ بورڈ، حبیب بینک لمیٹڈ، مہمانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حج و عمرہ کی سعادت ایک عظیم عبادت ہے جس میں دینی شعور اور شرعی رہنمائی کی اہمیت بنیادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی نمائشیں امتِ مسلمہ کے باہمی تعاون، علمی تبادلے، اور جدید خدمات کے فروغ کا ذریعہ بنتی ہیں۔ انہوں نے مع السلامہ ٹیم اور تمام شرکاء کو ایگزیبیشن کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔
تین روزہ ایگزیبیشن کے دوران حج و عمرہ سے وابستہ قومی و بین الاقوامی کمپنیوں، ہوٹل چینز، ایئر لائنز، ٹرانسپورٹ و ٹیلی کام اداروں، بینکوں، اور حج آرگنائزرز نے بھرپور شرکت کی۔ نمائش میں پاکستان کے مختلف شہروں سے آنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور جدید سہولیات و مصنوعات میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
تین دنوں کے دوران ایگزیبیشن میں مختلف پینل ڈسکشنز، حج و عمرہ ٹریننگ سیشنز، ماسٹر ٹرینرز کی تربیت، اور مذہبی سیاحت کے فروغ سے متعلق ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کے علاوہ، تین عمرہ قرعہ اندازیوں کے ذریعے تین خوش نصیب زائرین کے نام فری عمرہ کے لیے منتخب کیے گئے، جنہیں آئندہ دنوں میں عمرہ کی سعادت کے لیے روانہ کیا جائے گا۔
نمائش میں ڈاکٹر عطاالرحمن صاحب، سیکریٹری وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، حکومتِ پاکستان بھی شریک ہوئے ، انہوں نے ایگزیبیشن سٹالز کا وزٹ کیا، انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور حج و عمرہ خدمات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی نمائشیں حکومت، کاروباری اداروں، اور عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، اور پاکستان کو مذہبی سیاحت کے ایک فعال مرکز کے طور پر اجاگر کرتی ہیں۔
اختتامی تقریب شام 3 بجے سے 5 بجے تک جاری رہی، جس میں ایگزیبیشن کے منتظمین اور شرکاء کو اعزازی شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس بھی پیش کیے گئے۔
شرکائے تقریب نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ “پاکستان حج و عمرہ ایگزیبیشن” ملک میں مذہبی سیاحت اور حج و عمرہ خدمات کے فروغ کے لیے ایک منفرد اور پائیدار پلیٹ فارم بن چکی ہے۔