یہ ہے ریڈیو پاکستان!
13 اور 14 اگست 1947ء کی درمیانی رات، ٹھیک 12 بجے ریڈیو پاکستان سے اعلان ہوا:
“یہ ہے ریڈیو پاکستان!”
پاکستان کے قیام کے ساتھ ہی جوق در جوق قافلے ایک نئے وطن کی آرزو لیے پاکستان کی طرف روانہ ہوئے۔ یہ دنیا کی تاریخ کی عظیم ترین ہجرتوں میں سے ایک تھی، جو اسلام کے نام پر بننے والے اس ملک کے لیے کی گئی۔
مگر پھر کیا ہوا؟
لاہور ریلوے اسٹیشن پر ایک ٹرین آ کر رکی، جس کا استقبال قائداعظم محمد علی جناح، مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح اور ان کی ٹیم نے کرنا تھا۔ مگر اس ٹرین میں نئے پاکستان کے خواب سجائے آنے والے مسلمان مرد، خواتین اور بچے پاکستان پہنچنے سے پہلے ہی بے دردی سے قتل کر دیے گئے۔
یوں لاکھوں مسلمان آنکھوں میں ایک آزاد وطن کا خواب لیے دنیا سے رخصت ہو گئے۔
1947ء میں شروع ہونے والا قتل و غارت، لوٹ مار اور استحصال کا سلسلہ وقت کے ساتھ اپنے طریقے بدلتا رہا۔
پہلے جان سے مارا جاتا تھا،
اب ترسا ترسا کر مارا جاتا ہے۔
کبھی پٹرول کی مہنگائی کے ذریعے،
کبھی اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے ذریعے،
کبھی بجلی کے بھاری بلوں کے ذریعے،
اور کبھی بے شمار ٹیکسوں کے بوجھ تلے۔
غریب آزاد ملک میں رہتے ہوئے بھی آزاد نہیں۔
اسے مہنگائی کی زنجیروں میں جکڑ کر رکھ دیا گیا ہے۔
ایک طرف عوام اپنے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی، تعلیم اور علاج کے لیے پریشان ہیں، تو دوسری طرف اشرافیہ کے لیے مراعات کا ایک الگ نظام دکھائی دیتا ہے۔
ٹیکس کی سہولت اشرافیہ کے لیے،
پٹرول کی سہولت اشرافیہ کے لیے،
بجلی کی سہولت اشرافیہ کے لیے،
پروٹوکول اشرافیہ کے لیے،
آسائشیں اشرافیہ کے لیے۔
اور عام آدمی؟
وہ صرف بوجھ اٹھانے کے لیے رہ گیا ہے۔
14 اگست 1947ء کو قائداعظم محمد علی جناح نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا، وہ قانون، انصاف، مساوات اور شہری آزادیوں پر قائم ایک ایسا وطن تھا جہاں کسی انسان کو دوسرے انسان پر محض دولت، عہدے یا طاقت کی بنیاد پر فوقیت حاصل نہ ہو۔
مگر آج ہمیں اپنے آپ سے یہ سوال ضرور کرنا ہوگا:
کیا یہ وہی پاکستان ہے جس کے لیے لاکھوں لوگوں نے ہجرت کی؟
کیا یہ وہی پاکستان ہے جس کے لیے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانیں قربان کیں؟
کیا یہ وہی پاکستان ہے جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا؟
پاکستان صرف اشرافیہ کا نہیں،
پاکستان ہر پاکستانی کا ہے۔
اس یومِ آزادی پر ہمیں جشن ساتھ ساتھ یہ عہد بھی کرنا چاہیے کہ پاکستان کو ایک ایسا ملک بنائیں گے جہاں قانون سب کے لیے برابر ہو، انصاف سب کو ملے، غریب عزت سے جی سکے اور عوام کو حقیقی آزادی حاصل ہو۔
پاکستان زندہ باد!
0