143

لاہور سائنس میلہ 2023: سائنس اور ٹیکنالوجی کا عارضی عجائب گھر/تحریر/محمد کامران خالد

ہم گذشتہ 20 سال سے اس مقصد کے لیے سرگرمِ عمل ہیں کہ عوام اور طلبہ و طالبات میں سائنسی شعور پیدا کیا جائے۔ سائنس صرف ان کے لیے نہیں ہے جو میٹرک یا ایف ایس سی میں سائنس پڑھتے ہیں بلکہ سائنس تو ہر گھر کی ہے، ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔ اس لیے ہم کوشاں ہیں کہ ہم سائنسی ترقی، قدرت کے مظاہر اور ایجادات کو اپنا سکیں۔

خوارزمی سائنس سوسائٹی کے زیرِ اہتمام پانچواں لاہور سائنس میلہ 28 اور 29 اکتوبر 2023ء کو کریسنٹ ہائر سکینڈری اسکول شادمان لاہور میں منعقد ہوگا۔ اس دو روزہ میلے میں ہر عمر کے فرد کے لیے شرکت بالکل مفت ہے۔لاہور سائنس میلہ پاکستان میں سب سے بڑا سالانہ سائنس میلہ بن چکا ہے۔ اس سائنس میلے میں سیکڑوں قومی اور بین الاقوامی سائنس دان، نمائش کار، مظاہر کار اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے نمائندہ ادارے شریک ہوں گے۔
دورجدید میں سائنس کے تجرباتی پہلو کو اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے کیوں کہ صرف نظری سائنس(تھیوریٹیکل سائنس) پر زور دینے سے سائنسی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ چنانچہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سائنس کے دونوں پہلوؤں میں مطابقت پیدا کی جائے۔ اس مقصد کے لیے سائنس میلے یا سائنسی نمائش کا انعقاد اشد ضروری اور مفید ثابت ہوتاہے۔
لاہور سائنس میلہ خوارزمی سائنس سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے منعقد ہوتا ہے۔خوارزمی سائنس سوسائٹی (KSS) 1997ء میں قائم کی گئی ایک غیرمنافع بخش علمی و فلاحی تنظیم ہے جس کا مقصد پاکستانی تعلیمی اداروں اور عوامی سطح پر ”سائنس کلچر“کی ترویج اور فروغ دینا ہے۔ اس تنظیم کا مرکزی ہدف پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں اور عام افراد میں سائنسی علوم اور ان کا شعور پیدا کرنا ہے۔خوارزمی سائنس سوسائٹی کا نعرہ ہے؛ ”سائنس سب کے لیے“
لاہور سائنس میلے کے بارے مزید جاننے کے لیے ویب سائٹ کا وزٹ کیجیے: https://www.khwarizmi.org.
خوارزمی سائنس سوسائٹی کےبینر تلے منعقد ہونے والا ”لاہور سائنس میلہ“ پاکستان کے سب سے بڑا سائنس میلے کی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔ یہ میلہ ایک طرح سے سائنس اور ٹیکنالوجی کے عارضی عجائب گھر(سائنس میوزیم) کا منظر پیش کرتا ہے۔ اس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کے لیے شرکت بالکل مفت ہے۔اس میلے میں پاکستان بھر سے سائنس اورٹیکنالوجی کے شوقین افراد شریک ہوتے ہیں۔ گزشتہ برس 2022ء میں لاہور سائنس میلے دو دنوں میں میں تقریباً ستر ہزار افراد نے اس میلے میں شریک ہوئے۔
گزشتہ برس کی نسبت رواں برس منعقدہ لاہور سائنس میلے میں مزید حیران کن اور بڑے پیمانے پر سائنس اور ٹیکنالوجی کے کرشمے دیکھنے کو ملیں گے۔ اِس برس مزید نئی اور منفرد اوردل چسپ سائنسی نمائشیں، چشم کشا مظاہرے اور حیرت انگیز تجربات شامل ہوں گے۔ ملک بھر سے تعلیمی اداروں کے طلبہ بھی اس میلے کا حصہ ہوں گے۔ مزید براں مشہور و معروف بین الاقوامی مہمان اور سائنس دان بھی اس میلے کو رونق بخشیں گے جن میں دنیا کی سب سے بڑی فزکس لیبارٹری سرن میڈیا لیب کے سربراہ جاؤ پکیناؤ، مڈل ایسٹ ٹیکنیکل یونیورسٹی (ترکیہ) سے تعلق رکھنے والی پروفیسر بیلگے دمیرکوز بھی شامل ہیں؛ قونیا سائنس سنٹر (ترکیہ) کے مظاہر کاروں کا ایک وفد بھی اس فیسٹیول میں جلوہ گر ہوگا۔پاکستان بھر سے 200 سے زائد مظاہر کاروں کی شرکت متوقع ہے،لاہور سائنس میلہ رنگ و نسل، عمر اور مرد و عورت کی تفریق کے بغیر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن سے لے کر سکول جانے والے نونہال تک کے لیے پلیٹ فارم پیش کرتی ہے۔
لاہور سائنس میلہ اردو میں سائنس کی تعلیم کا علمبردار
لاہور سائنس میلے کی خاص پہلو یہ ہے کہ خوارزمی سائنس سوسائٹی اردو اور مقامی زبانوں میں سائنس کی ترویج اور فروغ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔خوارزمی سائنس سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری اور لمز یونیورسٹی میں شعبہ طبیعات(فزکس) کے ڈین ڈاکٹر صبیح انور کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش رہی ہے کہ اردو اور مقامی زبانوں میں سائنسی علوم کی سادہ اور دل نشیں انداز میں تشریح کرسکیں۔ ہم 20 سال سے اس مقصد کے لیے سرگرمِ عمل ہیں کہ عوام اور طلبہ و طالبات میں سائنسی شعور پیدا کیا جائے۔ سائنس صرف ان کے لیے نہیں ہے جو میٹرک یا ایف ایس سی میں سائنس پڑھتے ہیں بلکہ سائنس تو ہر گھر کی ہے، ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔اس لیے ہم کوشاں ہیں کہ ہم سائنسی ترقی، قدرت کے مظاہر اور ایجادات کو اپنا سکیں۔ ہمارے اندر خود اعتمادی پیدا ہوکہ ہم بھی سائنس میں حصہ لے سکتے ہیں، دنیا میں سائنس میں جو ترقی ہورہی ہے ہم اسے سمجھ سکتے ہیں اور اس میں اپنا کارِ خیر بھی ڈال سکتے ہیں۔

لاہور سائنس میلہ 2023 کا شیڈول
تاریخ: 28 اور 29 اکتوبر 2023
وقت: صبح 9 بجے تا شام 5 بجے

مقام: کریسنٹ ہائر سکینڈری سکول شادمان، نزد شمع میٹرو سٹیشن، لاہور

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں