پیاری لڑکی!/تحریر/سدرہ نسیم/ڈیجیٹل مارکیٹر اینڈ بزنس وومن آج ذہنی صحت کا عالمی دن ہے، اور یہ خط میں تمہیں لکھ رہی ہوں، ہاں یار تمہیں ہی، جو خود کو مسلسل اذیت اور تکلیف میں رکھے ہوۓ ہو، غیر ضروری سوچیں، غیر ضروری باتیں خود پر سوار کی ہوئ ہیں، مانا حساس ہونا انسان ہونے کی پہلی علامت ہے، مگر ایسی بھی کیا حساسیت کہ اپنی زندگی کو ہی روگ لگا کر بیٹھ جاؤ، اپنے آپ کو ہی تباہ کرنے پر تل جاؤ، رنگ تو دیکھو کیسے پیلا زرد پڑ گیا ہے، اور مسلسل نمی سے ،رتجگے سے آنکھیں بھی بیمار لگ رہی ہیں، لیکن اس سے بڑھ کر بیماری تو تمہاری روح جھیل رہی ہے نا، وہ جو زخمی ہے، ، وہ جو تمہاری حساسیت کے سبب مسلسل درد میں ہے۔۔۔
دیکھو! سب سے پہلے کہیں اکیلی بیٹھ جاؤ، گہری سانس لو، اور ایک پل کے لیے آنکھیں موند لو، اور سوچو کہ اس ذہنی اذیت میں کون مسلسل تمہارے ساتھ ہے؟ تمہاری ہیلنگ میں معاون ہے؟ تمہیں توجہ اور وقت دے رہا ہے؟ میں جانتی ہوں تم پھیکی سی غم زدہ ہنسی ہنس دو گی۔۔کیوں کہ ایسا کوئ بھی نہیں ہے۔۔جسے تمہاری ہر اذیت کا علم ہو، جس کے الفاظ ، جس کا وقت تمہاری دوا ہوں اور وہ تمہارے ساتھ ہو۔۔۔نہیں ہے نا؟ اٹس اوکے۔۔۔آہاں رونا بالکل نہیں ہے۔۔۔خود کو مزید اذیت قطعاً نہیں دینی۔۔
میں صرف اور صرف تمہیں یہ سمجھانا چاہ رہی ہوں کہ انسان کے لیے سب سے بڑی خیر خواہ اس کی اپنی ذات ہوتی ہے، اس کا اپنا دل، اپنا دماغ، اپنی سوچیں، اپنی ول پاور یہی سب ہی تمہارے بہترین دوست اور راہنما ہیں، تمہیں اپنی ہیلنگ کے لیے کسی دوسرے کی ضرورت ہرگز نہیں ہے، جس دن تم نے خود کو خود کے لیے کافی سمجھ لیا، اپنی ذات کو پہلی ترجیح دی، اسی دن تمہاری آدھی جیت ہوجائے گی، تمہاری ذات کی بہتری کا سفر شروع ہوجاۓ گا اور میں چاہتی ہوں کہ تمہارا یہ سفر آج سے ہی شروع ہو،
تم خود کو اتنا مضبوط ، اتنا بہادر، بنالو کہ رویے، لوگ یا سب سے بڑھ کر تمہاری توقعات تمہیں توڑ نہ سکیں، تمہیں ڈسٹرب نہ کرسکیں، اپنے لیے مثبت مصروفیت ڈھونڈو، اپنا ذہن کسی کام میں لگاؤ، جو بات یا جو لوگ اذیت کا باعث ہیں ان کو سوچنا چھوڑ دو،پھر ایک دن آۓ گا، جو لوگ، جو رویے، تمہاری روح کو زخمی کرنے کا باعث بنے، تمہیں ان کے ہونے یا نہ ہونے سے فرق نہیں پڑے گا، تمہارا اپنی ذات، اپنی سوچ اور اپنی روح پر مکمل کنٹرول ہوگا میں جانتی ہوں یہ سب آسان ہرگز نہیں ہے، یہ اتنا ہی مشکل ہے جتنا ننگے پاؤں انگاروں پر چلنا، لیکن۔۔۔۔۔مجھے پورا یقین ہے کہ تم یہ کرسکتی ہو اور تم یہ کرلو گی ان شاءاللہ ۔۔۔۔
بس اب اٹھو، منہ ہاتھ دھولو، بال بنالو، تھوڑی سی تیار ہوجاؤ اور کچھ اچھا پڑھ لو یا سن لو، آج سے تمہاری ہیلنگ کا سفر شروع ہورہا ہے اور یقیناً تم اسے انجوائے کرنے والی ہو🧡
فقط
سدرہ نسیم