اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کا وقت ہے
از قلم: عصمت اسامہ ۔
چند روز کی ہی بات ہے کہ پاکستان نے بھارت سے جنگ جیت کے دنیا بھر میں نیک نامی حاصل کی ،امت کا اعتماد بحال کیا ،دوست ممالک پاکستان سے جنگی مہارت حاصل کرنے کے خواہاں ہوۓ اور سرمایہ کاری کے نئے مرحلے کا آغاز ہوگیا تھا لیکن یہ کامیابی کفار کو ایک آنکھ نہیں بھائی۔ بلوچستان میں فتنہ الخوارج نے بدامنی وانتشار برپا کردیا،جعفر ایکسپریس پر دوسری بار حملہ ہوا اور کچھ دنوں سے آزاد کشمیر میں ملک دشمن عناصر عوام اور اداروں کو آپس میں لڑوانے کے لئے سڑکوں پہ نکل آئے ہیں ۔ یاد رکھنا چاہئیے کہ سیاسی نظریات مختلف ہوسکتے ہیں لیکن ریاست_پاکستان سے اختلاف جائز نہیں ہے۔ جو لوگ آزاد کشمیر کو پاکستان سے الگ کرنا چاہتے ہیں اور پاکستانی افواج کو وہاں سے چلے جانے کا کہہ رہے ہیں وہ کبھی پاکستان کے دوست نہیں ہوسکتے۔ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی جو صورت حال ہے ،کیا وہ چاہتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں سول نافرمانی کرواکے دشمن کے حملہ آور ہونے کے لئے اسی طرح میدان کھلا چھوڑ دیا جاۓ؟ سب محب وطن عناصر کو وطن عزیز کے مفاد کے تحفظ کی خاطر احساس کرنے ،اہنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ احادیث کی کتب کے مطابق آنے والے وقت میں ” ملحمۃ الکبریٰ” اور “غزوہء ہند ” لڑنے کے لئے تیاری کی ضرورت ہے۔ رنگ ،نسل ،علاقے کے تعصبات سے بالاتر ہوکر قدر_مشترک یعنی کلمہء طیبہ پر اکٹھے ہونے کا وقت ہے۔ یاد رکھنا چاہئیے کہ divide and rule صدیوں سے کفار کی پالیسی رہا ہے۔یہ مسلمانوں کی جڑیں کاٹنے کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔ابھی تو آپ نے اپنی بقا کی جنگ لڑنے کے ساتھ کشمیر و فلسطین کی خاطر جہاد بھی کرنا ہے !
بقول علامہ محمد اقبال:
~ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لئے
نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک_کاشغر!
اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کا وقت ہے/تحریر/عصمت اسامہ