گزشتہ پوسٹ پر کسی نے اعتراض کیا کہ ڈمبلز کا ویٹ لاس سے کیا تعلق ہے؟ آپ کیوں جنتا کو پاگل بنارہی ہیں🫡
دیکھیں۔۔۔جب سے میں نے اپنی ویٹ لاس جرنی میں ڈائٹ کے ساتھ ڈمبلز اور اسٹرینتھ ٹریننگ شامل کی ہے، مجھے ایک چیز بہت واضح طور پر سمجھ آئی ہے کہ وزن کم کرنا صرف کم کھانے کا نام نہیں ہے، بلکہ یہ اپنے جسم کو مضبوط، صحت مند اور ایکٹو بنانے کا نام بھی ہے۔۔۔
عموماً یہ سمجھا جاتا ہے کہ ڈمبلز صرف باڈی بلڈرز، کراٹے کی پریکٹس والوں یا بہت زیادہ مسلز بنانے والوں کے لیے ہوتے ہیں، لیکن میں نے نوٹ کیا ہے کہ یہ ہر اُس شخص کے لیے فائدہ مند ہیں جو صحت مند انداز میں وزن کم کرنا چاہتا ہے۔۔۔
جب ہم صرف ڈائٹنگ کرتے ہیں تو اکثر جسم چربی کے ساتھ ساتھ مسلز بھی کم کرنے لگتا ہے۔۔۔اسکن لوز ہونے لگ جاتی ہے۔۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگوں کا وزن تو کم ہو جاتا ہے لیکن وہ کمزور، تھکے ہوئے اور بے جان ڈل سے محسوس ہوتے ہیں۔ دوسری طرف جب ہم ڈمبلز کے ساتھ ورزش کرتے ہیں تو ہمارا جسم مسلز کو برقرار رکھتا ہے اور انہیں مضبوط بناتا ہے۔ مسلز جتنے مضبوط ہوں گے، ہمارا میٹابولزم اتنا ہی بہتر کام کرے گا، جس کا مطلب ہے کہ ہمارا جسم آرام کی حالت میں بھی زیادہ کیلوریز استعمال کرتا ہے۔۔۔
ڈمبلز کے ساتھ ورزش کرنے کا ایک بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ جسم کی شیپ بہتر ہوتی ہے۔ صرف وزن کم ہونا کافی نہیں ہوتا، بلکہ جسم کا متناسب ہونا بھی ضروری ہے۔ اسی لیے بعض اوقات دو افراد کا وزن ایک جیسا ہوتا ہے لیکن جو شخص اسٹرینتھ ٹریننگ کرتا ہے وہ زیادہ فٹ اور صحت مند نظر آتا ہے۔۔۔
اس کے علاوہ ورزش کے دوران جسم ایسے ہارمونز خارج کرتا ہے جنہیں “فیل گڈ ہارمونز” کہا جاتا ہے۔ یہی ہارمونز ہمارے موڈ کو بہتر بناتے ہیں، ذہنی دباؤ کم کرتے ہیں، بے چینی میں کمی لاتے ہیں اور ہمیں زیادہ خوش، پُراعتماد اور مثبت محسوس کرواتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ورزش کے بعد اکثر انسان خود کو ہلکا، خوش، انرجیٹک اور پُرسکون محسوس کرتا ہے۔۔۔
میری اپنی ذاتی رائے اور تجربہ یہی ہے کہ ڈائٹ اور ڈمبلز کا امتزاج صرف وزن کم کرنے میں مدد نہیں دیتا بلکہ یہ انسان کے پورے لائف اسٹائل کو بہتر بناتا ہے۔ آپ زیادہ انرجیٹک محسوس کرتے ہیں، روزمرہ کے کام آسان لگتے ہیں، نیند بہتر آتی ہے، جسم مضبوط ہوتا ہے اور سب سے بڑھ کر آپ خود کو آئینے میں دیکھ کر زیادہ پُراعتماد محسوس کرتے ہیں۔۔۔
باقی ہر کوئی اپنا اچھا برا بہتر سمجھ سکتا ہے۔۔میں نے اپنا تجربہ اس لیے شئیر کیا کہ مجھے خواتین کی ایک بڑی تعداد فالو کرتی ہے۔۔۔میں چاہتی ہوں کہ جیسے میں معاشی طور پر مضبوط ہونے کی بات کرتی ہوں ویسے ہی ہم خواتین ذہنی و جسمانی طور پر بھی مضبوط اور شاندار بنیں۔۔اپنا خیال رکھیں، صحت مند زندگی گزاریں اور خوش رہیں❤️
سلامت رہیں
0