
ہمارے قومی ترانے کا مفہوم
پاک سرزمین شاد باد۔
اے مقدس اور پاکیزہ زمین! تو ہمیشہ خوشحال رہے، تیری مٹی کی خوشبو ہمیشہ ہمارے دلوں کو سرشار کرتی رہے۔
کشور حسین شاد باد۔
اے خوبصورت سرزمین! تو ہمیشہ آباد اور بستی رہے، تیری رونقیں کبھی ماند نہ پڑیں۔
تو نشان عزم عالی شان۔
تو ہماری بلند ہمتی اور عظیم عزم کی پہچان ہے، تو ہماری غیرت، حوصلے اور قربانی کا استعارہ ہے۔
ارض پاکستان۔
تو ہے وہ پاکیزہ دھرتی جسے ہم پاکستان کے نام سے جانتے ہیں۔
مرکز یقین شاد باد۔
تو ایمان اور یقین کا مرکز ہے، تیری بنیاد ہمیشہ مضبوط اور قائم و دائم رہے۔
پاک سرزمین کا نظام قوت اخوت عوام۔
یہ پاک سرزمین اس وقت تک مضبوط رہے گی جب تک یہاں کے عوام بھائی چارے، محبت، اخوت اور اتحاد سے جڑے رہیں گے۔ یہی قوت اس ملک کا اصل سرمایہ ہے۔
قوم، ملک، سلطنت پائندہ تابندہ باد۔
یہ قوم، یہ ملک اور یہ سلطنت ہمیشہ زندہ اور روشن رہے۔ ان کی شان کبھی کم نہ ہو بلکہ دن بدن بڑھتی رہے۔
شاد باد منزل مراد۔
اے وطن! تو اپنے مقاصد خوشحالی اور ترقی کے راستے پر ہمیشہ حاصل کرتا رہے۔
پرچم ستاروں ہلال۔
یہ چاند اور ستارہ ہمارا پرچم ہے، یہ ہماری پہچان ہے، یہ ہماری شناخت ہے۔
رہبر ترقی و کمال۔
یہ پرچم ہماری ترقی، عروج اور کمال کا رہنما ہے، یہ ہمیں آگے بڑھنے کی راہ دکھاتا ہے۔
ترجمان ماضی، شان حال، جان استقبال۔
یہ پرچم ہمیں ہمارے شاندار ماضی کی یاد دلاتا ہے، آج کی عظمت کو ظاہر کرتا ہے اور آنے والے مستقبل کی کامیابی کی ضمانت ہے۔
سایہ خدائے ذوالجلال۔
یہ پرچم اور یہ ملک اللہ رب العزت کے سائے اور اس کی حفاظت میں ہے۔
ہر صبح جب ہم دن کا آغاز کریں اور اپنے قومی ترانے کو پڑھیں تو یہ ہمارا عہد اور وعدہ ہونا چاہیے کہ ہم دل، دماغ اور روح کے ساتھ یہ کہیں کہ اس ملک کی عزت اور حرمت ہمارے لیے سب سے بڑھ کر ہے۔ اگر اس کے لیے جان دینا پڑے تو ہم حاضر ہیں، اگر اس سے بڑی قربانی درکار ہو تو ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں۔ ہمارا وعدہ ہے کہ ہم اس پرچم کو کبھی جھکنے نہیں دیں گے اور اپنی قوم اور وطن کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دیں گے۔ یہی ہمارا قومی ترانہ ہے، یہی ہماری شناخت ہے اور یہی ہماری روح کی آواز ہے۔
تحریر: معلمہ صبیحہ خانم، کراچی