آج گورنمنٹ لیبارٹری ہائر سیکنڈری سکول کمالیہ میں 6 ستمبر یومِ دفاعِ پاکستان رئیسِ ادارہ چوہدری محمد سعید صاحب کی زیرِ سرپرستی روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ طلبا میں تلاوت کلام پاک، نعتِ رسول مقبول، ملی نغمے، ٹیبلو، اردو اور انگریزی تقاریر میں مقابلے ہوئے جن میں طلبا نے انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ ان مقابلہ جات میں محترم انجینئر محمد سجاد جہلمی، محمد سعید (IT) اور عبدالروفSST نے بطورِ ججز اپنے فرائض سرانجام دیے جبکہ محمد بلال صاحب نے نقیبِ محفل کے طور پہ سٹیج کو سنبھالا۔ یومِ دفاع کے موقع پر اس تقریب کے مہمانِ خصوصی جناب یاور علی خواجہ صاحب(ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل کمالیہ) نے ان مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبا میں اپنے دستِ مبارک سے انعامات تقسیم کیے۔ اس پروقار تقریب کے مہمانِ خصوصی جناب یاور علی خواجہ صاحب اور صدرِ محفل جناب محمد سعید صاحب(پرنسپل ادارہ ہذا) نے طلبا میں وطن سے محبت کا شعور اجاگر کرنے کیلیے مفصل اور تاریخی خطاب کیا جس میں یومِ دفاع منانے کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے پاک فوج کی بہادری و جرآت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آپ نے ستمبر 1965 کی جنگ کے نمایاں خدوخال اور ہمارے روایتی حریف بھارت کے جارحانہ اقدام پہ روشنی ڈالی اور طلبا پہ واضح کیا کہ کس طرح ہماری پاک فوج اور عوام نے جرآت اور بہادری کے ساتھ بھارتی افواج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا کہ دشمن آج تک اپنے زخم چاٹ رہا ہے۔ آپ نے اپنے خطاب میں وطن سے محبت اور اسکی سالمیت اور حفاظت کیلیے طلبا و اساتذہ کی ذمہ داریوں پر بھرپور روشنی ڈالی اور جواب میں طلبا نے پاکستان زندہ باد کے نعروں اور بھرپور تالیوں کی صورت میں اپنے جوش و جذبے کا اظہار کیا۔ یہ پروقار تقریب پاک وطن کی بقا اور سالمیت کیلیے خصوصی دعاؤں، قومی ترانہ کی دھن اور حب الوطنی سے بھرپور نعروں کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ یاد رہے اس تقریب کے انعقاد کا سہرا ادارہ کی بزمِ ادب کمیٹی کے سر ہے جس میں محمد بلال، عبیدالرسول، چوہدری محمد علی(وائس پرنسپل) ،محمد عثمان عظیم، اور ظہور احمد صاحب شامل ہیں۔
148
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل