
مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کا گلوبل صمود فلوٹیلا کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب/رپورٹ/عبدالرؤف محمدی/اسلام آباد
مظلوم فلسطینیوں کے گرد اسرائیل کے وحشیانہ اور جابرانہ محاصرے کو توڑنے کے لیے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا میں پاکستانی وفد کی شمولیت کے حوالے سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پاک فلسطین فورم کے زیر اہتمام منعقدہ گول میز کانفرنس سے شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی صاحب نے آن لائن مختصر، جامع اور ایمان افروز خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب دنیا کی تمام مسلم حکومتیں غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام پر تماشائی بنی ہوئی ہیں، ایسے میں یہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کہ کچھ بہادر اور نڈر افراد گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل ہو کر محاصرہ توڑنے کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ اس قافلے میں پاکستان سے بھی محترم مشتاق احمد خان صاحب کی قیادت میں ایک پانچ رکنی وفد شریک ہے۔ (وفد میں سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے علاوہ مولانا خطیب الرحمن، ڈاکٹر اسامہ ریاض،
سید عزیر نظامی اور اسماعیل خان شامل ہیں )
یہ اقدام جرات مندانہ بھی ہے اور حکمت پر مبنی بھی، کیونکہ یہ پرامن اور نہتا قافلہ ہے جو صرف انسان دوستی اور مظلوموں کی امداد کی خاطر روانہ ہوا ہے۔
مفتی محمد تقی عثمانی صاحب نے کہا کہ دہشت گرد ریاست اسرائیل اپنی درندگی پر پردہ ڈالنے کے لیے اس قافلے کو دہشت گرد قرار دے کر اس کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے اور ڈرون حملے بھی کیے گئے ہیں۔ ایسے میں ہماری حکومت کا فرض ہے کہ اس قافلے کی حفاظت کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرے۔ تمام مسلم حکومتیں اس دینی و اخلاقی ذمہ داری کی پابند ہیں کہ قافلے کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر کے مسلمان اس مہم کی ہر طرح سے حمایت کریں اور مکمل تعاون فراہم کریں۔ مسلم حکومتوں کو چاہیے کہ وہ جہاز بھیج کر اس قافلے کی حفاظت کریں تاکہ اسرائیل کو اس پر حملے کی جرات نہ ہو سکے۔
خطاب کے آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس قافلے کو کامیابی کے ساتھ اپنی منزل تک پہنچائے، اور اس کی روانگی اہلِ غزہ کے لیے حیاتِ نو کا پیغام بنے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں کو محصور کر کے امداد کے تمام راستے بند کر رکھے ہیں، ایسے میں اس قافلے کے شرکاء یقیناً ہمارے بھرپور تعاون اور مکمل تحفظ کے مستحق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کرے یہ قافلہ اسرائیل کے وحشیانہ محاصرے کو توڑ کر مظلوم فلسطینیوں تک امداد پہنچانے میں کامیاب ہو جائے۔ اللہ تعالیٰ ان کی دستگیری اور حفاظت فرمائے۔ آمین۔
مفتی تقی عثمانی صاحب نے کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کے حق میں آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت اور ہماری اولین ذمہ داری ہے۔