بے سرو سامانی سے کامیابیوں کا سفر/تحریر/اعجاز اللہ خان
زندگی کے سفر میں کبھی ایسے لمحات آتے ہیں جب آپ اکیلے کھڑے ہوتے ہیں۔ آس پاس کوئی نہیں، صرف ایک شخص اور ایک خواب۔ کبھی کندھوں پر اتنے بوجھ کہ لگتا ہے سانس بھی مشکل ہے، لیکن قدم رُکنے نہیں چاہییں۔ ایسے ہی دنوں سے میرا سفر شروع ہوا تھا…
آج جب پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو دل حیرت اور شکر سے بھر جاتا ہے۔ٹریویکس سلوشنز کو قائم ہوئے ابھی چند ماہ ہی ہوئے ہیں، لیکن الحمدللہ یہ پودا تیزی سے پھل دے رہا ہے۔ یہ پودا ابھی لگا ہے، لیکن اس کے بیج برسوں کی محنت، آزمائش اور صبر کے نتیجے میں بنے ہیں۔
ہر دن مجھے کوئی نہ کوئی خوشی دیتا ہے۔ نئے پراجیکٹس، نئی ہائرنگز، نئی ذمہ داریاں… اور دل کہتا ہے:
یا رب! میں تو نکما، میں تو نافرمان، پھر بھی تو یہ سب کچھ کیوں عطا کر رہا ہے؟ کہیں ساری نعمتیں یہیں تو نہیں دے رہا؟
یہ سوچ دل کو جھنجھوڑتی ہے، اور پھر انسان روتے ہوئے سجدے میں گرہی جاتاہے۔
ایک وقت تھا جب سب کچھ اکیلے ہینڈل کرنا پڑتا تھا۔ کلائنٹ بھی خود، ڈیزائن بھی خود، بات چیت بھی خود، مینجمنٹ بھی خود۔لیکن آج قافلہ بڑھ چکا ہے۔ لوگ ساتھ ہیں، خواب سانجھے ہیں۔ اور یہی اصل آزمائش ہے:
جب رب آپ کو دوسروں کے رزق کا ذریعہ بنا دیتا ہے تو ذمہ داری بڑھ جاتی ہے۔ اب یہ صرف بزنس نہیں رہتا، یہ ایک امانت ہے۔
اکثر سوچتا ہوں یہ سب کیسے ہو رہا ہے؟ جواب ایک ہی ہے:
یہ رب کا نظام ہے۔آزمائشوں نے صبر سکھایا، صبر نے بھروسہ بڑھایا، اور بھروسے نے راستے کھول دیے۔
میں نے اپنی زندگی میں بارہا وہ موڑ دیکھے ہیں جب دل نے کہا:
اب تیرا کیا بنے گا؟
لیکن انہی لمحوں میں اللہ کی مدد ایسی صورت میں آئی کہ نہ صرف پریشانی ختم ہوئی بلکہ پہلے سے بڑھ کر نوازا گیا۔ یہ لمحے مجھے سکھاتے ہیں کہ اللہ رب العزت کبھی کسی کی محنت ضائع نہیں کرتے۔ وہ ہر چھوٹی سے چھوٹی قربانی، ہر خلوص کو دیکھ رہا ہے۔
کامیابی ملتی ہے تو انسان کا دل چاہتا ہے خوشی سب سے بانٹے۔ لیکن میں نے سیکھا ہے کہ ہر خوشی کو سوشل نہیں کرنا چاہیے۔ کچھ باتیں ضبط میں اچھی لگتی ہیں۔ کچھ نعمتیں دل کے اندر محفوظ کرنی چاہییں۔
ہاں، کبھی خوشی اتنی بڑھ جائے کہ ضبط مشکل ہو تو قلم خود چلنے لگتا ہے… جیسے آج۔
میری اب تک کی بات کا نچوڑ یہی ہےکہ
اگر آپ فل فوکس ہوکر اپنے کام پر جمے رہیں، اپنی نیت صاف رکھیں اور رب پر بھروسہ کریں تو آپ ضرور اُس مقام پر پہنچیں گے جو آپ کی قسمت میں لکھا گیا ہے۔
ہمارا کام ہے محنت کرنا، مخلص رہنا، بانٹتے رہنا۔
وہ رب کسی کا احسان ادھار نہیں رکھتا۔ آج نہیں تو کل، لیکن وہ آپ کو وہاں لے جائے گا جہاں آپ کو پہنچنا ہے۔
اللہ رب العزت ہمیں اپنی حفاظت میں رکھے، اپنی مخلوق کا خادم بنائے اور نیک لوگوں کی فہرست میں جگہ عطا فرمائے۔
اے اللہ! یہ سب کچھ تیرا فضل ہے۔
ہمیں کبھی غرور میں مبتلا نہ کر، ہمیشہ اپنے حصار میں رکھ۔
ہمارے ہاتھوں سے دوسروں کے لیے خیر جاری کر۔
اور اس سفر کو دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی کا ذریعہ بنا۔
بے سرو سامانی سے کامیابیوں کا سفر/تحریر/اعجاز اللہ خان