0

جامعہ صدیقیہ لاہور کینٹ کے زیر اہتمام سالانہ ختم نبوت کانفرنس/رپورٹ /مولانا عمر یعقوب

جامعہ صدیقیہ لاہور کینٹ کے زیرِ اہتمام سالانہ ختم نبوت کانفرنس/رپورٹ/مولانا عمر یعقوب

جامعہ صدیقیہ کے زیرِ اہتمام 15ویں سالانہ ختمِ نبوت کانفرنس نہایت شاندار، پُررونق، روح پرور اور ایمان افروز انداز میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔
یہ بابرکت اجتماع عقیدۂ ختمِ نبوت کے تحفظ، عشقِ رسول ﷺ کے اظہار اور ملتِ اسلامیہ میں دینی شعور بیدار کرنے کا ایک عظیم مظہر ثابت ہوا۔

کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جہاں قاری زبیر اسلم اور قاری سلمان وحید نے اپنی دلنشین اور پُرسوز آوازوں میں قرآنِ کریم کی تلاوت فرما کر ماحول کو نورِ ایمان سے منور کر دیا۔
ان کی تلاوت نے سامعین کے دلوں کو جھنجھوڑ دیا اور فضا میں سکون و روحانیت کی لہر دوڑا دی۔

بعد ازاں نعت و عقیدتی کلام کا سلسلہ شروع ہوا۔
جس کی ابتداء خوبصورت آواز و انداز کے مالک جناب مولانا عمران نقشبندی سے ہوئی ان کے بعد حافظ ابوبکر خان نے سماں باندھا تو ہھر خوبصورت انداز کے مالک برادر افتخار قصوری نے کیا کلام پڑھے مجمع جھوم جھوم سنتا رہا۔۔
بعد ازاں مولانا شاہد عمران عارفی، مولانا رانا عثمان قصوری اور حافظ ظہیر فاروقی صاحبان نے اپنے پرجوش کلاموں کے ذریعے مجمع کو گرما دیا۔
ان کے دل کو چھو لینے والے اشعار نے ہر زبان پر درود و سلام کی صدائیں بلند کر دیں۔
جبکہ حافظ ابوبکر مدنی صاحب نے اپنے پُرجوش اور منفرد انداز میں آقائے نامدار ﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا سامعین کے جذبات کو ایمانی حرارت بخشی اور خوب داد سمیٹی۔۔۔
ان کے کلاموں نے عوام کے دلوں میں عقیدۂ ختمِ نبوت کی حرارت کو تازہ کر دیا۔

نوجوان خطیب مولانا امیر حمزہ صاحب نے تحریکِ ختمِ نبوت کے تاریخی پس منظر پر مدلل اور عالمانہ گفتگو فرمائی۔
انہوں نے نوجوانوں کو بتایا کہ یہ تحریک صرف تاریخ کا حصہ نہیں بلکہ ایمان کی اساس ہے، اور اس کے تحفظ کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔

پھر علامہ شبیر احمد عثمانی صاحب نے اپنے مخصوص انداز میں عقیدۂ ختمِ نبوت کی حقیقت، اہمیت اور اس کی حفاظت کے تقاضوں پر روشنی ڈالی۔
ان کی گفتگو نے حاضرین کے دلوں کو گرمادیا اور ایمان کو تازگی بخشی۔
جبکہ مفتی عبدالواحد قریشی صاحب نے قرآن و حدیث کے دلائل کی روشنی میں ختمِ نبوت کے عقیدے پر مفصل اور مدلل گفتگو کی، جس نے سامعین کے دلائل و ایمان دونوں کو مضبوطی بخشی۔

کانفرنس میں علاقہ مصطفیٰ آباد گلستان کالونی و لاہور بھر کے جید علماء کرام نے شرکت کی جن میں سر فہرست عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے راہنما پیر رضوان نفیس صاحب،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مبلغ مولانا عبد النعیم،مولانا سید عبد اللہ شاہ صاحب کوثر مسجد لنڈا بازار مولانا ابوبکر صدیق صاحب جامعہ محمودیہ اعوان مارکیٹ مولانا میاں منصور الحق صاحب انار کلی مولانا عبد الوحید صاحب ماڈل ٹاون مولانا مولانا قاری شریف صاحب مولانا قاری عبد الرحمن صاحب مولانا ظاہر شاہ صاحب مولانا حمزہ مزمل شاہ صاحب مولانا آصف صاحب مولانا عبدالرزاق صاحب ودیگر جید علماء کرام شریک ہوئے۔۔

کانفرنس کے اختتامی لمحات نہایت پُراثر تھے۔
درود و سلام کی صدائیں، آنکھوں میں آنسو، اور دلوں میں عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی حرارت فضا کو معمور کیے ہوئے تھی۔
اسی موقع پر ادارہ کے بانی و مہتمم حضرت مولانا محمد یعقوب فیض صاحب نے نہایت مسرت و جوش کے ساتھ اعلان فرمایا کہ
آئندہ سال 5 ستمبر 2026ء کو 16ویں سالانہ ختمِ نبوت کانفرنس گلستان کالونی، گول چوک میں منعقد ہوگی۔
مزید فرمایا کہ اس عظیم الشان اجتماع میں شرکائے کانفرنس کے لیے ایک عدد عمرہ کا ٹکٹ بھی رکھا جائے گا، جو خوش نصیب کے لیے ایک روحانی تحفہ ہوگا۔

مولانا محمد یعقوب فیض صاحب نے یہ بھی ارشاد فرمایا کہ
علاقہ گلستان کالونی مصطفیٰ آباد میں یہ کانفرنس مسلکِ دیوبند کے فروغ، دینی بیداری اور عقیدۂ ختمِ نبوت کے احیاء کے لیے ایک عظیم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
انہوں نے تمام شرکائے کانفرنس، علماء، قراء، نعت خواں حضرات اور معاونین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا فرمائی کہ
اللہ تعالیٰ اس بابرکت سلسلے کو تا قیامت جاری و ساری رکھے، جامعہ صدیقیہ کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے،
اور امتِ مسلمہ کو عقیدۂ ختمِ نبوت پر مضبوطی سے قائم رکھے۔

آمین یا رب العالمین۔ 🌿

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں