
فورٹریس اسٹیڈیم سے وابستہ یادیں/تحریر/تہذیب النساء
جیسے ہی فورٹریس اسٹیڈیم انٹر ہوئی، پرانی یادیں تازہ ہو گئیں ، وقت بھی کتنی تیزی سے گزرتا ہے ، 2017 میں نیوی کا ٹیسٹ دینے فورٹ عباس سے لاہور آئی ، میرا سینٹر یہی تھا ، ان سیڑھیوں پر بیٹھ کر میں نے نیوی کا ٹیسٹ دیا ، ماموں مجھے بار بار کہتے تھے ، ، پریشان نہ ہو تم سلیکٹ ہو جاؤ گی ، پھر میں نے گلشن اقبال لاہور کے ٹریک پر دوڑ کی پریکٹس کی ، میں اور ماموں دوڑ لگاتے تھے ، میں تھک کر گر جاتی تھی ، مگر ماموں ٹارگٹ پورا کرتے تھے ، ماضی کی یادیں تازہ ہو جائیں تو بڑے غم بھی یاد آتے ہیں ، میرے باپ کے بعد فیملی کا یہ واحد بندہ تھا جو مجھے سپورٹ کر رہا تھا ،انتہائی شکر گزار ہوں ، اس دور میں ماموں میرا لاہور میں ایڈمیشن کروانے کے لئیے کوشش کر رہے تھے ، جب انا اور رسم ورواج کی دیواریں اتنی بلند تھیں کہ انکے نیچے لڑکیوں کی خواہشات دفن ہو جاتی تھیں ، ماموں میرے خاندان کے واحد فرد ہیں جو اس دور میں میرے حقوق کی جنگ لڑے تھے ، اگر کبھی زندگی نے موقع دیا تو انکا یہ قرض ضرور لوٹاؤں گی ، 2017 میں پہلی بار لاہور آئی تھی میں،۔ فورٹریس اسٹیڈیم کی سیڑھیوں پر بیٹھ کر ہزاروں خواب بنے تھے ، گلشن اقبال کے جاگنگ ٹریک پر بیٹھ کر ٹوٹے خوابوں کی کرچیوں کو دل کے اندر اتار کر بھاری وجود کا بوجھ اکیلے اٹھایا تھا ، آج کوئی اٹھ کر مجھے میرے حقوق مانگنے پر کم ظرف کہے گا تو ایسے کمزور انسان سے وہ میری ملاقات بھی آخری ہو گی ، میں نے سارے وہ رشتے پیچھے چھوڑ دئیے جو میری راہ کی دیوار بن گئے ، مزدوری کر کے میرے ناز نخرے اٹھانے والا باپ مجھے دنیا کے سارے رشتوں پر بھاری لگتا ہے۔ ماں ، باپ کے سوا کوئی بھی اپنا نہیں ہوتا، اور میری زندگی میں جن کی میں احسان مند ہوں ، ان میں میرے والدین کے بعد ماموں اور نانا ہیں ، میں ان سے بے تحاشا محبت کرتی ہوں، اللہ کرے یہ رشتے سلامت رہیں ، میں انکے ساتھ ایک لمبی زندگی جینا چاہتی ہوں ، رات کے اس پہر اس تحریر کو لکھتے ہوئے میں 2017 کی تاریک رات کا حصہ ہوں ،جہاں دور دور تک اجالوں کا نام و نشان تک نہ تھا ، اکیلی تہذیب اور اسکے خوابوں کی جنگ تھی ، جو اکیلے لڑی میں نے اور اکیلے فتح پائی ، جب کسی کے عروج پر حسد کرو تو اسکے پیچھے چھپے کانٹوں بھرے رستے سے گزر کر ان تاریک راتوں کو جی کر آؤ ، جدھر دم گھٹتا ہو اور راستہ دکھائی نہ دیتا ہو ، پھر احساس ہو جائے گا کون کدھر تک کیسے پہنچا ہے۔ اللہ ہم سب پر اپنی خیر و عافیت نازل فرمائے آمین