0

خدمت ، حوصلہ اور حب الوطنی خاندانِ عزیز کی پہچان /تحریر/سید عدیل گیلانی

خدمت، حوصلہ اور حب الوطنی خاندانِ عزیز کی پہچان/تحریر/سید عدیل گیلانی

پاکستان آرمی ہمیشہ سے ایسے جانباز افسروں کی نرسری رہی ہے جنہوں نے اپنے عزم، حوصلے اور وطن سے غیر متزلزل محبت کے ذریعے ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا۔ انہی نڈر اور فرض شناس افسروں میں ایک روشن نام ہے میجر جنرل امجد عزیز کا جو اس وقت راولپنڈی 34 ڈیو کے جی او سی کے طور پر اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔میجر جنرل امجد عزیز پاکستان آرمی کے ان افسروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے عملی میدان میں پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط، بہادری اور حب الوطنی کی نئی تاریخ رقم کی وہ وزیرستان آپریشن سمیت کئی حساس اور کامیاب فوجی آپریشنز کا حصہ رہے، جہاں انہوں نے اپنی کمانڈ صلاحیتوں، فوری فیصلوں اور جوانوں کے حوصلے کو ہمیشہ بلند رکھا ان کی عسکری ساکھ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ انہیں آئی ایس آئی (Inter-Services Intelligence) جیسے انتہائی حساس ادارے میں بھی اہم ذمہ داریاں دی گئیں، جہاں انہوں نے اپنی فراست، ایمانداری اور تجزیاتی صلاحیتوں کے ذریعے اعلیٰ حکام کا مکمل اعتماد حاصل کیا۔یہی کردار اور قیادت ان کے خاندانی ورثے کا تسلسل ہے۔ ان کے بڑے بھائی میجر جنرل واجد عزیز اس وقت پاکستان کے حساس ادارے ملٹری انٹیلی جنس (M.I) کے ڈائریکٹر جنرل (DG MI) کے طور پر اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں۔میجر جنرل واجد عزیز کا شمار پاکستان آرمی کے اُن ذہین، منظم اور تزویراتی سوچ رکھنے والے افسروں میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کے دفاعی وقار کو بلند کیا۔ دونوں بھائیوں کی عسکری خدمات اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ خاندان حقیقی معنوں میں پاکستان کی سرحدوں اور نظریاتی اساس کے محافظ ہیں۔یہ غیر معمولی تربیت اور حب الوطنی انہیں اپنے والد کرنل (ر) عزیز سے ورثے میں ملی، جو 1994 میں پاک فوج سے ریٹائر ہوئے۔ کرنل عزیز نے اپنی سروس کے دوران اصول پسندی، فرض شناسی اور وطن سے وفاداری کی مثالیں قائم کیں دوسری جانب، اسی خاندان کے دو بھائی عبدالمنان عزیز اور فیاض عزیز نے کاروباری اور سماجی میدان میں اپنی پہچان قائم کی۔ ان کی کامیابی صرف معاشی ترقی تک محدود نہیں بلکہ وہ فلاحی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش ہیں۔ یہ خاندان خدمتِ خلق کو عبادت سمجھتا ہے۔ کسی مصیبت، آفت یا ضرورت کے وقت یہ لوگ خاموشی سے امداد پہنچاتے ہیں۔ ان کے خلوصِ نیت بھرے اعمال دیکھ کر حضرت عمرؓ کے عدل و انصاف کا دور یاد آ جاتا ہے۔یہ خاندان اپنے اعمال سے ثابت کرتا ہے کہ حقیقی خدمت وہی ہے جو دکھاوے سے پاک ہو اور دل سے کی جائے۔میجر جنرل امجد عزیز ایک باوقار، متوازن اور مثالی فوجی افسر ہیں۔ ان کے ماتحت کام کرنے والے جوان انہیں صرف ایک کمانڈر نہیں بلکہ ایک رہنما، ایک سچا محبِ وطن اور ایک بااخلاق شخصیت کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ان کی شخصیت میں جرأت، نظم، وقار اور انسانیت کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے یہی صفات انہیں نئی نسل کے لیے ایک رول ماڈل بناتی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ واجد و امجد عزیز برادران کا نام پاکستان آرمی میں پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور خدمتِ خلق کا مترادف بن چکا ہے۔ یہ خاندان نہ صرف وردی میں وطن کے محافظ ہیں بلکہ دلوں میں انسانیت کے علمبردار بھی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں