شکریہ مودی/تحریر/ابوبکر قدوسی گویا تین دن کی [اس میں سے بھی چند گھنٹے کے دورانیے کی] جنگ نے شطرنج کی بساط ہی لپیٹ دی اور سب کچھ نئے سرے سے طے کرنا پڑا ۔۔۔
یقیناً نریندر مودی ہندوستان کے سب سے بڑے دشمن ہیں اور کم از کم اس وقت پاکستان کے ایک بڑے محسن ۔
مودی حکومت نے ہندوستان کو پہلے مذہبی انتہا پسندی کی نذر کیا ، پھر اس انتہا پسندی کو پانی دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ جنگ شروع کی، نقصان اٹھایا ۔ اس جنگ میں پاکستان کی غیر معمولی کارکردگی کا نتیجہ ہے کہ بہت کمزور دکھائی دینے والا پاکستان طاقت کے نئے پیمانے طے کر رہا ہے۔
پاک سعودی معاہدے کو اس چند گھنٹوں کی پاک بھارت جنگ کے ان نتائج سے الگ کر کے دیکھنا درست نہیں ہو گا کہ جس سبب دنیا بھر کی جنگی ڈاکٹرائن بدل گئیں ۔
قطر پر حملے کے فوری بعد عرب ملکوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہونا فطری امر تھا ۔ کیونکہ قطر پر حملے کے دو پہلو عربوں کے لیے انتہائی غیر متوقع تھے ۔۔۔
📌ایک غیر جانبدار ملک کے جو دو فریقین کے درمیان مذاکرات کا کردار ادا کر رہا ہے اس پر حملہ اپنی جگہ پر ایک الگ سے غیر اخلاقی حرکت تھی اور ملک بھی وہ کہ جو کسی جنگ میں کبھی عملاً ملوث نہ رہا ہو ۔۔۔
📌۔۔اور دوسرا پہلو یہ کہ ایسی خبریں سننے میں آئیں کہ امریکہ کی یا تو تائید اس حملے کو حاصل تھی یا پھر اس کے علم میں تھا ، لیکن وہ دانستہ تب تک خاموش رہا جب تک آخری وقت نہیں آگیا ۔۔اور بعد میں پھس پھسی سی وضاحت کی کہ اس نے قطر کو حملے سے آگاہ کر دیا تھا۔۔
۔۔۔۔۔اس حملے سے عربوں کے ہاں ایک بات بالکل واضح ہو
گئی کہ وہ امریکہ کے ساتھ قریبی تعلق اور دوستی اور اس پر مالی “احسانات” کر کے بھی اپنے دشمن ازرائیل سے بچ نہیں سکتے ۔۔۔کیونکہ جب دو میں سے ایک کے انتخاب کا وقت آئے گا تو امریکہ کے نزدیک وہ عرب نہیں ہوں گے بلکہ ازرائیل ہوگا ۔۔
اس عدم تحفظ کے فوری احساس نے اس معاہدے کو جنم دیا ، البتہ پاک بھارت جنگ کا اس معاہدے سے یہ گہرا تعلق رہا کہ عرب یہ معاہدہ بہت اعتماد اور تحفظ کے احساس کے تحت کر رہے ہیں ۔
وگرنہ ہوا کے دوش پہ یہ خبریں گردش کرتی رہیں کہ جب ہندوستان نے پاکستان پر حملہ کیا تھا تو ایک خلیجی ملک کے رہنما نے پاکستان کو جوابی کارروائی سے منع کیا تھا کہ ان کا خیال یہ تھا کہ پاکستان نہ تو ہندوستان کا مقابلہ کر سکتا ہے اور نہ ہی جنگ کا متحمل ہے ۔ یقیناً اس کا سبب پاکستان کے کمزور معاشی حالات اور اندرونی کمزور سیاسی حالت رہی ہوگی ۔ لیکن جنگ کے نتائج نے سب بدل دیا ۔
اور وہ عرب یہ جو پاکستان کو ایک کمزور ملک کی نظر سے دیکھ رہے تھے اسی پاکستان کی چھتری دونوں جھنڈوں پر تانے ہوئے ہیں ۔اور یہ خوش آئند بھی ہے اگر ہم خود کو مسلم ملک کے طور پر ایک دوسرے کا بھائی سمجھتے ہیں تو ایک دوسرے کا ہر صورت مددگار بھی ہونا چاہیے ۔۔