121

دلوں کی چابیاں/ایم کے قریشی/ممبر اسلامک رائٹرز خواتین ونگ

دلوں کی چابیاں

/تحریر/ایم کے قریشی

ممبر/اسلامک رائٹرز خواتین ونگ

جس طرح ہر تالے کی چابی ہوتی ہے اسی طرح انسانوں کے دلوں کی بھی چابیاں ہوئی ہیں۔ جب آپ کسی انسان کے مزاج اور اسکی طبیعت سے واقف ہو جائیں گے تو اس کے دل کی چابی آپ کے ہاتھوں میں ہو گی۔ لوگوں کی زندگی میں ہر طرح کے حالات پیش آتے رہتے ہیں کبھی وہ خوش کبھی غمزدہ ہوتے ہیں۔ انہی حالات کے مطابق ان کے مزاج میں تبدیلی آتی رہتی ہے۔
تو جب آپ دلوں تک پہنچنے کا راستہ جانتے ہوں گے تو آپ لوگوں کے دل کے تالے کھولتے چلے جائیں گے۔
ہمیں اپنے دوستوں، رشتے داروں اور احباب کے مزاج کا پتہ ہونا چاہئے۔ اگر کسی موقع پر ہمارا کوئی دوست حالتِ پریشانی میں ہے اور ہم وہاں جا کر ہنسی مذاق کی باتیں شروع کر دیتے ہیں تو اس کے دل میں ہمارے لئے اہمیت نہیں رہے گی۔ اس کے بر عکس اگر ہم جاتے ہی پوچھتے ہیں ہاں!بھائی احمد کیا پریشانی ہے کیوں منہ بنائے بیٹھے ہو۔ بتاؤ تاکہ ہم سب مل کر آپ کی پریشانی کا حل تلاش کریں۔
تو آپ دیکھیں گے کہ احمد کے دل میں آپ کیلئے محبت و عزت کے جذبات بڑھ جائیں گے۔ اسی ضمن میں ایک مثال سنیے! ایک ماہر ڈاکٹر سوئی لگانے سے پہلے انگلیوں سے چھو کر بدن کو دیکھتا ہے اور پھر جس جگہ مناسب ہو وہاں سوئی لگاتا ہے۔ تو اسی طرح ہمیں بھی اپنے ارد گرد کے ماحول کو دیکھنا چاہئے، موقع محل کو جاننا چاہئے پھر اس کے مطابق بات کریں۔
اس میں گُر کی بات یہ ہے کہ ہمارا معاملہ لوگوں کے دلوں سے ہوتا ہے نہ کہ ان کے جسموں سے ۔۔۔۔۔۔۔
دلوں تک پہنچنے کا سب سے آسان طریقہ دوسروں کو اہمیت دینا ہے۔ جب آپ لوگوں کی قدر و منزلت کریں گے انکا خیال رکھیں گے ان کے جذبات و احساسات سے واقف ہوں گے تو یقیناً آپ ان کے دل جیت لیں گے۔ اور وہ بھی آپ سے محبت کرنے لگیں گے۔اگر آپ نبی(صلی اللہ علیہ وسلم) کے شمائل و خصائل کا مطالعہ کریں تو ہمیں یہ بات ضرور دیکھنے کو ملے گی کہ کس طرح آپ(صلی اللہ علیہ وسلم) لوگوں کے دل موہ لیا کرتے تھے۔ آپ جب بھی کسی سے مصافحہ فرماتے تو اس وقت تک اس کا ہاتھ نہیں چھوڑتے تھے جب تک وہ خود نہ چھوڑے۔
اسی طرح جب کوئی شخص آپ سے بات کرتا تو آپ ہمہ تن اس کی طرف متوجہ ہوتے تھے۔ تو دیکھیے آپ(صلی اللہ علیہ وسلم)کا طرز عمل کس طرح خوبصورت اور نرالا تھا۔ لوگوں کو احساس دلائیے کہ آپ ان کے خیر خواہ ہیں۔ اگر آپ کے دل میں دوسروں کے لیے محبت کے جذبات ہیں اور آپ اس سے مخلصانہ تعلق رکھتے ہیں تو یقین جانیے کی آپ کی محبت کا احساس ہوتے ہی وہ بھی آپ کےلئے خلوص اور محبت کے جذبات رکھیں گے۔
اپنے جذبات کا اظہار کیجئے! صاف لفظوں میں کہا کیجیے کہ آپ سے مل کر خوشی ہوئی میرے دل میں آپ کے لیے بہت قدر ہے۔ تو آپ دیکھیں گے کہ کس طرح آپ لوگوں کے دلوں کے تالے کھولتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں