سیت پور سیلاب کا آنکھوں دیکھا حال/تحریر/مولانا محمد اکرام ارشاد 0

سیت پور سیلاب کا آنکھوں دیکھا حال/تحریر/مولانا محمد اکرام ارشاد

سیت پور سیلاب کا آنکھوں دیکھا حال/تحریر/مولانا محمد اکرام ارشاد

بچے جب کھیلتے ہوئے مٹی یا ریت کے چھوٹے چھوٹے گھر بناتے ہیں ، پھر اگر وہ ٹوٹ جائیں تو ان کی آنکھوں میں آنسو بھر آتے ہیں ، وہ دکھ محسوس کرتے ہیں، کیونکہ ان کی محنت اور خواب لمحوں میں بکھر جاتے ہیں۔

لیکن ذرا تصور کریں کہ لوگوں کے حقیقی گھر، جن میں ان کی ساری زندگی کی کمائی ، یادیں ، بچپن ، جوانی اور محبتیں بسی ہوں ، وہ گر جائیں تو دل کے اندر کیسی قیامت ٹوٹتی ہوگی۔

گھر صرف اینٹ اور پتھر کا ڈھانچہ نہیں ہوتا۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں ماں کی دعائیں، بچوں کی ہنسی، باپ کی محنت کی خوشبو ، دلی سکون کے حاصل ہونے کا مسکن اور نسلوں کی یادیں بسی ہوتی ہیں۔ جب وہ گھر زمین بوس ہو جائے تو صرف چھت نہیں گرتی، انسان کے اندر کا سہارا بھی ڈھہ جاتا ہے۔

کسی بچے کا کمرہ جس کی دیوار پر اُس کے خوابوں کی تصویریں لگی ہوں، جب ملبے کے نیچے دب جائے تو وہ صرف دیوار نہیں ٹوٹتی، وہ بچے کے خوابوں کا حصّہ بھی بکھر جاتا ہے۔
کسی ماں کے ہاتھ سے سجایا ہوا باورچی خانہ جب مٹی کا ڈھیر بن جائے تو وہ صرف برتن نہیں ٹوٹتے، ماں کا دل بھی چکناچور ہو جاتا ہے۔
کسی نوجوان کی پردیس میں اپنوں کی جدائی ، غیروں کے ستم برداشت کر کے ، کی ہوئی مزدوری سے حاصل شدہ جمع پونچی پانی میں بہہ کر بالکل خالی ہاتھ ہو جائے تو زندگی جینے کا ولولہ اور جنون بھی ملیا میٹ ہو کر رہ جاتا ہے

کسی بوڑھے شخص کے صحن میں لگا ہوا درخت، جس کے نیچے اس نے ساری زندگی آرام کیا ہو، جب گر جائے تو وہ درخت نہیں گرتا بلکہ اس کے دل کی دھڑکنیں بھی بکھر جاتی ہیں۔

سیت پور سیلابی صورتحال میں وزٹ کے دوران وہاں کے باسیوں سے مل کر ان کی آنکھوں سے چھلکتے ہوئے دکھ جو محسوس ہوئے وہ الفاظ میں بیان نہیں ہو سکتے ان کے درد لفظوں کے پیرائے میں سمو نہیں سکتے ۔
یقیناً ان لوگوں کو دلاسہ دینا ہماری انسانیت ہے ، شریعت ہے ، دنیا ہے ، آخرت ہے ۔
اپنے عالی اخلاق کا مظاہرہ کیجیے ، ان کے غم میں سہارا بنئیے ، تسلی دینے کے لیے ان کے پاس جائیے ، جو ممکن ہو سکے کر لیجیے کیونکہ ابھی موقع ہے.

سیت پور سیلاب کا آنکھوں دیکھا حال/تحریر/مولانا محمد اکرام ارشاد
سیلاب 2025 گھروں کے گھر اجڑ گئے/تحریر/ماسٹر محمد فہیم امتیاز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں